سرینگر//نئی دہلی میں یوم پاکستان کی سالانہ تقریب میں شرکت کیلئے حریت کے دونوں دھڑوں ، لبریشن فرنٹ اور دیگر مزاحمتی جماعتوں کے متعدد لیڈران و کارکن آج دلی روانہ ہو رہے ہیں تاہم پاکستانی سفارتخانہ میں 23مارچ کو منعقد ہونے والی تقریب میں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاورق اور محمد یاسین ملک سمیت بیشتر سینئر مزاحمتی لیڈران کی شرکت نا ممکن دکھائی دے رہی ہے۔ نئی دہلی میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں بھی ہر سال یوم پاکستان کی تقریب منعقد کی جاتی ہے اور اس میں شمولیت کیلئے بھارت کے سرکردہ سیاسی لیڈروں ، سیول سوسائٹی سے وابستہ اشخاص ، مرکزی کابینہ کے وزراء اور کشمیر میں سرگرم مزاحمتی جماعتوں سے وابستہ لیڈروں اور سینئر اراکین کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ معلوم ہوا کہ پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے 23مارچ کو ہونے والی یوم پاکستان تقریب میں شرکت کیلئے سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک سمیت دیگر سینئر مزاحمتی لیڈروں کو باضابطہ مدعو کیا ہے۔کئی مزاحمتی جماعتوں سے وابستہ لیڈران اور سینئر اراکین پر مشتمل وفود یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کیلئے بدھ اور جمعرات کو نئی دہلی روانہ ہو رہے ہیں جبکہ حقوق انسانی تنظیموں سے وابستہ کئی کارکن بھی تقریب میں شرکت کیلئے نئی دہلی روانہ ہورہے ہیں۔ادھرمسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار کی سربراہی میں پانچ رکنی اعلی سطحی وفد بدھ کو سرینگر سے نئی دہلی روانہ ہوگا۔ وفد میں محمد احسن اونتو ، محمد اقبال میر ، غلام نبی وار اور امتیاز ریشی بھی شامل ہیں۔ا س دوران مقامی حقوق انسانی فورم ووئس آف وکٹمز کے ترجمان نے بتایا کہ فورم کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عبدالقدیر اور کارڈی نیٹر عبدالروف خان جمعرات کو سرینگر سے نئی دہلی روانہ ہونگے۔