پونچھ//اپنے حلقہ انتخاب کے متعدد علاقوں کا دورہ کر کے ممبر قانون ساز اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے لوگوںسے خطاب کے دوران کہا کہ ریاستی سرکار خطہ پیر پنچال کی عوام کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے پر وعدہ بند ہے۔انہوں نے کہا کہ پونچھ ضلع کی ترقی کے منظر نامے میں ریاستی سرکار کی ترجیحات میں سڑک کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع ، نئے پلوں کی تعمیرات، مغل روڈ کو بارہ مہینے بحال رکھنے کے لئے ٹنل بنانے کے ساتھ ساتھ دوسروں ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ گلی پنڈی اور جندرولہ ،گلی ناگ، ڈنہ دوئیاںجیسے دور دراز علاقوں کے دوران جہاں تانترے نے عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا وہیں انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ان علاقہ جات میں پانی اور بجلی کی قلت کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راشن کارڈ اور دیہی ترقی کے منصوبوں کے نفاذ کے علاوہ پی ایچ ای اور پی ڈی ڈی سے متعلق مسائل کا حل ہوگا۔تانترے نے کہاکہ ریاستی وزیر اعلیٰ کی قیادت میں حکومت لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے دن رات کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے اس دوران ٹیلی فون پر ہی فسران کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کے مسائل جلداز جلد حل کریں۔شاہ محمد تانترے نے لوگوں کو سچائی، وفاداری اور انسانیت کی راہ پر چلتے ہوئے منصفانہ بنیادوں پر کام کرنے کی تلقین کی ۔انہوں نے کہا کہ کچھ شر پسند عناصر اس خطے میں عوام کو طبقوں کی بنیاد پر تقسیم کررہے ہیںجن کی کوششوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنا روز گار خود کمانے کے لئے سرکار کی جانب سے شروع کی گئی مختلف اسکیموں کا فائدہ اٹھائیں ۔انہوں نے کہا کہ اس کے لئے وہ پولٹری، ڈیری، مویشی بانی اور دوسری زرعی سرگرمیوں کو چلا سکتے ہیںجس کیلئے انہیں انتظامیہ کی طرف سے پورا پورا تعاون دیاجائے گا۔