سرینگر//حریت (گ)،تحریک المجاہدین،انجمن شرعی شیعیان، مسلم لیگ،سالویشن مومنٹ ،تحریک مزاحمت ، اسلامک پولٹیکل پارٹی اور پیروان ولایت نے یوم پاکستان پر پاکستانی حکومت، افواج پاکستان اور پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برِ صغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک انعام ہے۔ حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے پاکستانی حکومت، افواج پاکستان اور پاکستانی عوام کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان برِ صغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک انعام ہے، جو سخت جدوجہد اور اتحادواتفاق کے مظاہرے کے بعد انہیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کیا گیا ہے۔ انہوں نے قراردادِ پاکستان پاس ہونے کے 77سال مکمل ہونے کے موقعے پر کہا کہ جب بھارت میں ہندوتوا کا سانپ بڑی تیزی کے ساتھ پھن پھیلارہا ہے اور سنگھ پریوارہندوراشٹر کے خواب دیکھ رہا ہے، پاکستان کی اہمیت اور ضرورت مسلمانوں کے لیے اور دوگنی ہوگئی ہے اور اس ملک کی سا لمیت کے لیے دُعا کرنا ان کے ایمان کا حصہ بن گیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں گیلانی نے کہا کہ 23مارچ کے دن نے برصغیر کی تاریخ کا رُخ موڑا ہے اور اس کو ایک نئی نہج عطا کی ہے۔ دنیا کے نقشے پر پاکستان کے نام سے ایک ایسی مملکت وجود میں آگئی، جس نے مسلمانوں کو فرقہ پرستوں کے رحم وکرم پر رہنے کے بجائے ایک ٹھکانا فراہم کیا اور انہیں سر اٹھاکر جینے کا حوصلہ بخشا۔ پاکستان کی سا لمیت اور استحکام کے لیے دُعا کرتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ کشمیری قوم کے لیے بھی پاکستان کی اہمیت اور افادیت کسی بھی طور کم نہیں ہے۔ یہ دنیا کا وہ واحد ملک ہے، جو ان کے حقِ خودارادیت اور مطالبۂ آزادی کی کھل کر حمایت کرتا ہے اور ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر مدد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ایک مضبوط پاکستان اولین ضرورت ہے ۔گیلانی نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اس ملک میں امن کی بحالی میں مدد کریں اور اقلیتوں کے ساتھ ہر سطح پر نیک سلوک اور نیک برتاؤ روا رکھیں۔ انہوں نے ایران اور افغانستان کے ساتھ اچھے اور خوشگوار تعلقات کی بحالی پر بھی زور دیا اور کہا کہ یہ تین برادر مسلم ممالک ایک دوسرے کے نزدیک آئیں تو ان کے کئی اندرونی اور بیرونی مسائل خودبخود حل ہوجائیں گے اور اس کے پورے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ متحدہ جہاد کونسل کے سیکریٹری جنرل اور تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے اہلیان پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان برصغیر ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے نعمت خداوندی اور ایک معجزہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک دن کشمیری بھی یوم کشمیر ضرور منائیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس وقت بھی جنوبی ایشیا ہی نہیں بلکہ دنیا بھرکے مسلمانوں کی امیدوں کا مرکز ایٹمی پاکستان ہے۔بیان کے مطابق ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود دشمن طاقتیں مسلمانوں کو اپنی دہشت گردی اور نفرت کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ کیونکہ یہ ملک اندرونی طور پر دشمن کے نشانے پر ہے۔ معاشی طور مضبوط پاکستان ہی سے بھارتی مسلمانوں کے مفادات کا تحفظ ہو گا۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کیلئے دلی روانہ ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ بر صغیر کی سیاسی تاریخ کے حوالے سے یوم پاکستان اپنی نوعیت کا ایک تاریخی دن ہے اور یہ دن کشمیریوں کی سیاسی جدوجہدکے حامی ،سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی محسن پاکستان اور پاکستانی قوم کے ساتھ ساتھ حریت پسند کشمیری عوام کیلئے بھی ایک خاص اہمیت کا حامل ہے۔اس سلسلے میں آغا حسن نے پاکستانی قوم اور قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مناسبت سے کسی بھی پروگرام میں شرکت اُن کیلئے ایک سعادت اور اعزاز ہے۔ مسلم لیگ ترجمان سجادایوبی ،سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ اور نائب چیئرمین طفیل الطاف،تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی ، اسلامک پولیٹکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش اورپیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے پاکستانی حکومت اور اہل پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ جموں کشمیر کے تنازعہ کے سلسلے میں اپنی کوششوں میں سرعت لائیں ۔اس دوران بلال صدیقی یوم پاکستان کی تقریب میںشرکت کیلئے محمد یو سف نقاش اورحکیم عبدالرشید کے ہمر اہ دہلی روانہ ہوئے ۔سبھی مزاحمتی قائدین نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری قوم کا محسن ملک ہے جس نے ہمیشہ سفارتی سطح پر کشمیر کے دیرینہ مسئلہ کو حل کرنے کی کوششیں جاری رکھیں۔