سرینگر//فائنانشل کمشنر محکمہ ایگریکلچر پروڈکشن پرمود کمار جین نے ایگریکلچر کمپلیکس لالمنڈی سرینگر میں کشمیر ڈویژن کے زرعی آفیسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی تاکہ زعفران رولز 2017کے ڈرافٹ پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جاسکے۔ڈائریکٹر ایگریکلچر کشمیر کے علاوہ جوائنٹ ڈائریکٹر ایکسٹنشن /مشن ڈائریکٹر نیشنل زعفران مشن اور چیف ایگریکلچر آفیسران کے علاوہ زعفران کے تاجروں اورکاشت کاروں نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر مشن ڈائریکٹر نے ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے زعفران ایکٹ 2017پرروشنی ڈالی۔میٹنگ کے دوران زعفران رولز پر تبادلہ خیال کیا گیا جنہیں عوام کی تجاویز کے لئے منظرعام پر لانے کافیصلہ کیا گیا۔اس موقعہ پر فائنانشل کمشنرنے زعفران کے بہتر معیار کے لئے ایک شفاف نظام وضع کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔انہوں نے کہا کہ بازار میں زعفران کی کم سے کم اورزیادہ سے زیادہ قیمت طے کی جانی چاہیے۔پرومود جین نے کہا کہ زعفران کی بر آمد کے لئے قانون اور انتظامی طریقہ کار اپنایاجائے گا۔انہوںنے متعلقہ آفیسران پر زعفران کی کاشت کے تحت اراضی کا اندراج کرنے کی ہدایت دی تاکہ اس اراضی پر ناجائز تعمیرات اورتجاوزات کو روکا جاسکے۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر ایگریکلچر کشمیر نے زعفران تاجروں اور کاشت کرنے والوں کو یقین دہانی دی کہ زعفران کی بہتر بِکری کے لئے تمام تجاویز پر عملدر آمد کیا جائے گا۔سکاسٹ کشمیر کے زعفران ماہر ڈاکٹر ایف اے نحوی نے کہا کہ زعفران رولز کے نفاذ کے لئے یونیورسٹی کی طرف سے محکمہ زراعت کو ہر ممکن تعاﺅن دیا جائے گا۔