پونچھ//پونچھ میں بسنل کا مواصلاتی نظام ہمیشہ کی طرح درہم برہم ہے جس کی وجہ سے اس سرحدی ضلع کی عوام کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔آج ایسا دور ہے جب ہر کام آن لائن ہوتا ہے جس میں مواصلاتی کمپنیوں کی طرف سے بہتر خدمات فراہم نہیں کی جارہی ۔پونچھ کے دور دراز علاقے تودور کی بات ،ضلع صدر مقاماپربھی بسنل کی خدمات انتہائی ناقص ہیںاورہر ایک گھنٹے میں دو یا تین بار یہ سروس بند ہوجاتی ہے جس کے نتیجہ میں دور دراز علاقوںسے بازار میں مختلف اداروں میں کام کے سلسلے میں آئے ہوئے لوگوں کو دربدر ہوناپڑتاہے اور وہ پھر خالی ہاتھ واپس لوٹ جانے پر مجبور ہوتے ہیں۔بدھ کے روز جموں و کشمیر بنک کی مین برانچ پونچھ میں لمبی لائن لگی ہوئی تھی جہاں صارفین اپنی اپنی باری کا انتظار کررہے تھے ۔قطار میں دھکے کھارہے ایک بزرگ شخص بشیر احمد نے بتایا کہ مواصلاتی نظام بحال نہ رہنے کی وجہ سے جس کام میں ان کے زیادہ سے زیادہ دس یا پندرہ منٹ لگتے ہیں ،وہی کام کروانے میں کئی کئی گھنٹے ضائع ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنکوں کے ساتھ ساتھ دیگر دفاتر اور کاروباری اداروں میں بھی لوگوں کے کام بسنل کی خستہ حالت کی وجہ سے نہیں ہو پارہے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ بسنل حکام کو واضح ہدایات جاری کریں کہ اس نظام کو درست کیاجائے ۔