کشتواڑ//املاک اوقاف کی حفاظت اور ان کی نگہبانی امت کا اجتماعی فریضہ ہے اور ان املاک کی حفاظت کیلئے جذبۂ ایثار کا مظاہرہ کرنے والے اصحاب کی خدمات کے اعتراف کے لئے مسلم شوریٰ کمیٹی نے ان اصحاب کو ’امین ِ ملتِ اسلام ‘ کے نامی سے توصیفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے جنہوںنے حال ہی میں رضاکارانہ طور پر اوقاف کی اراضی محکمہ کو سپرد کر دی ہے ۔پریس کے لئے جاری ایک ریلیز کے مطابق اوقاف اسلامیہ کے کشتواڑ ایڈمنسٹریٹر کی کارروائیوں کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موصوف کی کوششوں سے اوقاف کی املاک کو بحال کرنے کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس تھانہ کشتواڑ کے قریب ایک کنال 9مرلہ قطعہ اراضی محمد اقبال بٹ ولد مرحوم احد اللہ بٹ ساکن حال مالی پیٹھ کشتواڑ کے تصرف میں تھا لیکن انہوںنے رضاکارانہ طور پر اس بیش قیمت زمین کو اوقاف کے سپرد کر کے ملی غیرت اور حمیت کو جو ثبوت دیا ہے وہ قابل ستائش ہے ، مجلس آئندہ جمعہ کو ان کی عزت افزائی کرے گی۔دریں اثنا ایڈمنسٹریٹر اوقاف اسلامیہ نے بھی بٹ کے جذبہ ایثار کی ستائش کرتے ہوئے دیگر ان اصحاب سے بھی رضاکارانہ طور پر ملی املاک سے دستبردار ہونے کی اپیل جن کے تصرف میں ایسی املاک ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان املاک کو قوم کی فلاح وبہبود کے لئے استعمال میں لایا جائے گا۔