سرینگر //ریاستی حکومت نے بیوائوں اور جسمانی طور ناخیز افراد کے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ کردیا ہے لیکن ایسے تمام افراد کو31مارچ تک اپنے آدھار کارڈ کی نقل متعلقہ سوشل ویلفیئر آفیسر کے دفتر میں جمع کرنے کیے لئے کہا ہے۔مارچ کے بعد ایسے افراد کے بنک کھاتوں میں مشاعرے کی رقم جمع نہیں کی جائے گی جن کے آدھار نمبر نہیں دئے گئے ہوں۔ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ریاستی حکومت نے بیوائوں،جسمانی طور ناخیزاور اولڈ ایج افراد کے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ کردیا گیا ہے جس کا اطلاق اپریل2016سے ہوگا اور اس ضمن میں باضابطہ طور پر نومبر میں احکامات صادر کئے گئے اور متعلقہ ضلع سوشل ویلفیئر افسران کو رقومات کی ادائیگی بھی کرائی گئی ہے۔انکا کہنا تھا کہ بیوائوں اور او لڈ ایج افراد کے حق میں ماہانہ اب ایک ہزار روپیہ دیا جائے گا جنہیں اس سے پہلے دو دو سو روپے دئے جاتے تھے۔ اسی طرح جسمانی طور ناخیز افراد کو بھی ماہانہ ایک ہزار کی رقم دی جائیگی جنہیں اس سے قبل4سو روپیہ دیا جاتا تھا۔انکا مزید کہنا تھا کہ اپریل2016سے جو بھی رقوم واجب الادا ہوگی وہ انکے بنک کھاتوں میں جمع کرائی جارہی ہے اور امید ہے کہ31مارچ تک یہ عمل پورا کیا جائے گا۔انہوں نے تاہم کہا کہ اس کے لئے آدھار نمبر لازمی قرار دیا گیا ہے کیونکہ کسی بھی بنک اکوانٹ کیساتھ اسے آدھار نمبر رکھنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ31مارچ تک اسکی آخری تاریخ بڑھادی گئی ہے جس کے بعد آدھار نمبر جس کسی کے پاس نہیں ہوگا اسکے کھاتے میں رقم جمع نہیں کی جاسکے گی۔تاہم انکا یہ بھی کہنا تھا کہ اسکے بعد حکومتی احکامات ہی قابل عمل ہونگے۔