ریاسی//جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا کہ حکومت جنگلات پر ناجائز قبضے کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ریاسی ضلع کے ایک روزہ دور ے دوران وزیر موصوف نے محکمہ جنگلات اور اس سے منسلک محکموں کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ انہوںنے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ سٹون کریشروں ، اینٹ بٹھوں کے مالکان اور سیمنٹ فیکٹریوں کو باضابطہ طور نوٹس جاری کریں تاکہ وہ اپنے یونٹوں میں جلد از جلد سائنسی آلات نصب کرسکیں۔وزیرموصوف نے کہا کہ حکومت نے جموں خطے میں 2903.65ہیکٹر اراضی سے ناجائز قبضہ ہٹوالیا ہے۔ وزیرنے کہاکہ حکومت جنگلات اور وائلڈ لائف کو تحفظ دینے کے لئے کچھ جامع پالیسیاں مرتب کر رہی ہیں۔انہوںنے اس حوالے سے سول سوسائٹی بالخصوص خواتین کے رول کواُجاگر کیا۔ وزیر نے بتایا کہ ریاست میں کل 14345ہیکٹر جنگلی اراضی پر ناجائز قبضہ کیا گیا ہے اور حکومت اسے ہٹانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ محکمہ جنگلات اور منسلک محکموں کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے اور ان کے کام کاج میں بہتری لانے کے لئے سنجیدہ کوششیں کی جارہی ہیں۔