سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمدخان نے ایک میٹنگ کے دوران شہر سرینگر میں سڑکوں کی حالت کاجائزہ لیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ،آر اینڈ بی ،پی ایچ ای اور پی ڈی ڈی کے چیف انجینئروں ،کمشنر ایس ایم سی ،جنرل منیجر بی ایس این ایل اورڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے سڑکوں کی ابتر صورتحال کا سنگین نوٹس لیا ہے۔انہوںنے کہا کہ مناسب منصوبہ بندی کے فقدان اورپی ایچ ای ،آر اینڈبی،پی ڈی ڈی،ایس ایم سی اوربی ایس این ایل کے درمیان عدم تال میل کی وجہ سے سڑکوںکی حالت ابتر ہورہی ہے۔صوبائی کمشنر نے ان پانچوں محکموں کو ایک دوسرے کے تعاﺅن کے ساتھ تعمیراتی کاموں کے لئے سالانہ ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو سڑکوں سے 24گھنٹوں کے اندر اندر میٹریل ہٹانے اورمحکمہ تعمیرات عامہ کے تحت کاموں کو انجام دینے کی تلقین کی۔اس موقعہ پر چیف انجینئر اورآر اینڈ بی کو نوڈل آفیسر کے طور پر مامور کیاگیا جو کہ ان محکموں کے درمیان تال میل کو یقینی بنائیں گے۔