سرینگر//ریاست کی تباہی کے لئے عبداللہ خاندان کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے کہا ہے نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد جموں وکشمیر میں دھوکہ بازی اور بے اعتباری کی ایک زندہ مثال ہے ۔جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈ آفس پر سرینگر بڈگام پارلیمانی حلقہ انتخاب ،جہاں سے پارٹی نے نظیر احمد خان کو بطور امیدوار کھڑا کیا ہے، کی انتخابی تیاریوںسے متعلق پارٹی سنیئر لیڈر اور ریاستی عمر ان رضا انصاری کی صدارت میںمنعقدہ جائزہ میٹنگ کے بعدنامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پارٹی کے سنیئر رہنما اور ریاستی وزیر نعیم اختر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد کی وجہ سے ہمیشہ لوگوں کے مصائب و مشکلات میںاضافہ ہوا ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ دونوں پارٹیوں کے اتحاد کی وجہ سے آج تک ریاست کے لئے کچھ اچھا نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کی قیادت نے سمجھ لیا ہے کہ وہ پی ڈی پی کے مقابلے تنہا میدان میں کھڑا نہیں ہوسکتے اور اب اپنے وجود کو بچانے کے لئے فریب کاری او ر سیاسی ڈرامہ بازی کرکے لوگوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاڈاکٹر عبداللہ پہلی بار سرینگر پارلیمانی نشست سے عوامی منڈیٹ نہیں چاہتے ہیں بلکہ حقیقت یہ ہے کہ ڈاکٹر فاروق اور ان کے فرزند عمر عبداللہ نے اپنی سیاسی زندگیوںکا آغاز اسی کانسٹیچونسی سے کیا ہے اور نئی دلی میں وزیر کا عہدہ حاصل کیا ہے اور مجھے خوشی ہوتی اگر دونوں با پ بیٹے کسی ایسے بڑے کام کا نام لیتے جو انہوں نے بطور عوامی نمائندہ کبھی اس حلقہ انتخاب کے لوگوں کے لئے کیا ہوتا۔نعیم اختر نے کہا ”ڈاکٹر فاروق عبداللہ آج کل کشمیر کے حوالے سے جو موقف اختیار کر رہے ہیں ،اس کی کہیں کوئی بنیاد نہیں کیونکہ ریاست جموں وکشمیر کے موجودہ حالات نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد کی غلطیوں اور بد انتظامیوں کا ہی نتیجہ ہے“۔انہوں نے مزید کہا ”آج ہم اگر اپنے آپ کوبے اختیار اور کمزور محسوس کر ررہے ہیں اس کی بنیادی وجہ ان کی سیاست اور غلط پالیسیاں ہیں“۔