سرینگر// لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ جے کے ایل ایف دفتر واقع آبی گزر کو بھی محصور کررکھا گیا تھا اور پولیس نے وہاں سے ایک رکن محمد عرفان خان کو بھی گرفتار کیا جو انتہائی پرامن طریقے پر اپنی سیاسی کاوش انجام دے رہا تھا۔یاسین ملک نے کہا کہ ظلم و جبر اور جمہوریت کشی کی یہ مذموم داستان اسلئے رقم کی جارہی ہے کیونکہ بھارت اور اسکے ریاستی حامی یہاں الیکشن کا ڈرامہ کامیاب بنانا چاہتے ہیں حالانکہ اسی ظلم و جبر نے اس ڈرامے کو ایک فلاپ شو اور فرسودہ عمل ثابت کردیا ہے۔یاسین ملک نے کہا کہ اگر حکمرانوں، ہند نواز سیاست کاروں اور انکی جماعتوں نیز ان کی پولیس کے اندر ذرا بھر بھی جرات ہوتی تو انہوں نے مزاحمتی خیمے کو بھی اپنی جمہوری اور پرامن بائی کاٹ مہم چلانے کی اجازت دی ہوتی لیکن یہ بزدل لوگ جو صرف عوامی آواز کو پولیسی طاقت سے دبانا جانتے ہیں بخوبی آگاہ ہیں کہ اگر انہوں نے ایسا کیا تو کہیں سے بھی کوئی ووٹ نہیں پڑے گا اور انہیں مہہ کی کھانی پڑے گی۔کشمیر کے چہار اطراف میں شبانہ چھاپوں، گرفتاریوں ،قدغنوں، خوف و دہشت کے ماحول کی مذمت کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ کچھ روز قبل پولیس حکام ہمیں اونچے وچاروں کی تعلیم دے رہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ ہمیں سیاسی جنگ میں ایک دوسرے کی فیملیز کو نہیں لانا چاہئے لیکن آج یہی لوگ سیاسی لوگوں کے گھروں پر چھاپے، ان کے خاندانوں کو زچ کرنے اور کئی معاملوں میں اُن کے بدلے ان کے رشتہ ادروں کو جیلوں میں ڈال رہے ہیں جو ان کی اصلیت کا غماز ہے۔یاسین ملک نے کہا کہ متحدہ مزاحمتی قیادت نے عوام الناس سے آنے والے الیکشن ڈرامے کا مکمل بائی کاٹ کرنے کی اپیل کی ہے اور ہر مشکل کے باوجود مزاحمتی خیمہ لوگوں تک پہنچنے اور ان سے بائی کاٹ کرنے کی حتی الوسع کوششیں کرتا رہے گا۔یاسین ملک نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ الیکشن کے مضمرات کو سمجھ لیں اور کشمیریوں کی تحریک آزادی کےلئے سم قاتل اس عمل سے دور رہ کر اس کا مکمل بائی کاٹ کریں۔ادھرلبریشن فرنٹ کے قائدین و اراکین نے اسلام آباد، پلوامہ، سرینگر، گاندربل، شوپیان، کولگام اوربڈگام کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور گھر گھر جاکر نیز انفرادی سطح پر لوگوں کے ساتھ ملاقات کرکے انہیں آنے والے الیکشن ڈرامے سے دور رہنے کی تلقین کی۔بیان کے مطابق فرنٹ اراکین نے اسلام آباد کے علاقوں سبحان پورہ،ملک پورہ، ڈبلی پورہ، ویری ناگ چوک کولگام میں محمد پورہ اور ملحقہ گاﺅں جات،پلوامہ میں لتر،نیلورہ،ڈانگرپورہ، اگلر،وچی،موچھوارہ ، آچھورہ،اور کیلر شوپیان،بڈگام میں سنگم،پیئے پست اور پٹھان پورہ ،گاندربل میں زیزن اور واسکورہ،جبکہ سرینگر میں بٹہ مالو، آبی گزر، مائسمہ، گاﺅکدل، اور دوسرے ملحقہ عالقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور ان مقامات پر گھر گھر جاکر نیز لوگوں کے ساتھ ملاقاتیں کرکے انہیں آنے والے الیکشن ڈرامے کے مضمرات سے آگاہ کیا ور ان کے درمیان الیکشن بائی کاٹ کے ضمن میں متحدہ مزاحمتی قیادت کے تحریری پیغام کو بھی پہنچایا۔