گاندربل//گاندربل کی رابطہ سڑکوں کی خستہ حالی جہاں عوام کیلئے دردِ سر بنی ہوئی ہے وہیں روزانہ سینکڑوں ٹپروں کی آمدورفت سے پریشانیوں میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ تولہ مولہ اور بارسو کی رابطہ سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہہ ہے اور تولہ مولہ میں زیر تعمیر سینٹرل یونیورسٹی کیلئے خاک بجری اوردیگر میٹریل لے جانے والی ٹپروں کے چلنے سے صورتحال مزید ابتر ہورہی ہے۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ سڑکیں پہلے ہی خستہ حال ہے اورٹپروں کی آمدورفت سے گردوغبار ، اورکیچر اٹھنے کے سبب دکانداروں، طلاب اور راہگیروں کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ بارشوں کے بعد سڑکوں پر موجود گہرے کھڈوں میں پانی جمع ہوجاتا ہے اور ٹپروں کے چلنے سے اٹھنے والی کیچڑ سے عوام کے کپڑے اور طلاب کی وردیاں گندی ہوجاتی ہیں۔ مقامی لوگوں نے سنٹرل یونیورسٹی کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تولہ مولہ اور بارسو کی رابطہ سڑکوں پر جہاں پر سڑک زیادہ خستہ ہوچکی ہے، وہاں مرمت کی جائے۔حیات نگر تولہ مولہ کے مقامی شہری فیاض احمد نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پورے دن سڑک پر ٹپر چلتے رہتے ہیں سڑک بہت ہی زیادہ خستہ اور ناکارہ ہوچکی ہے بارش کے دنوں میں گندہ پانی اور خوشگوار موسم میں گرد و غبار کا عوام کو سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم سڑک کی مرمت نہیں کی جاتی جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔