جموں//گورنمنٹ گرلز ہائراسکینڈری سکول راجوری میں ہندی کاپرچہ وقت سے قبل کھولنے کے معاملے پر حکام نے امتحان سپرینڈنٹ کوفوری طور پر معطل کرنے کے احکامات صادر کرتے ہوئے اس سلسلے میں چیف ایجوکیشن افسر پونچھ سے تحقیقات کرنے کو ہدایت دی ہے ۔محکمہ تعلیم کے پرنسپل سیکریٹری شالین کابرہ کی طرف سے جاری ہوئے حکمنامہ زیر نمبر 145-Edu of 2017بتاریخ 24/03/2017کے مطابق گرلز ہائراسکینڈری سکول راجوری میں لئے گئے 17تاریخ کو ہندی کو پرچے کی قبل از وقت کھول دینے کے معاملے پر بوائز ہائراسکینڈری سکول درہال کے ٹیچر سجاد میر جو امتحان کا سپرینڈنٹ تھا، کو فوری طور پر معطل کیاجاتاہے ۔اس حکمنامے میں مزید بتایاگیاہے کہ اس حوالے سے چیف ایجوکیشن افسر پونچھ لعل حسین تحقیقات کرکے سات دنوں کے اندر اندر رپورٹ پیش کریںگے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہندی کاپرچہ وقت سے قبل کھول دیاگیاتھا جس بناپر اس پرچے کو بھی منسوخ کرناپڑاتھا۔ یہ بات تب سامنے آئی جب محکمہ کی ایک ٹیم نے امتحان سنٹر کا دورہ کیا جہاں پایاگیاکہ وقت سے قبل ہی پرچہ کھول دیاگیاہے ۔