پونچھ//پوری ریاست کی طرح پونچھ ضلع میں بھی منریگا کے تحت کام کرنے والے ملازموں کی جانب سے کام چھوڑ ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلہ میں ملازمین نے جمعہ کو کرشن چندر پارک میں اکھٹے ہو کر مخلوط سرکار کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا ۔مقررین نے حکومت کی پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل بچانے کے بجائے انہیں حراساں کیاجارہاہے۔انہوں نے کہا کہ ایم جی نریگا کے تحت لگائے گئے ملازم ان پڑھ نہیں ہیں جن کے لئے سرکار کے پا س کوئی جاب پالیسی ہی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ اس زمرے کے تحت لگائے گئے ملازم پڑھے لکھے ہیں اوران کے پاس معروف اداروں کی اسناد ہیں اور وہ سرکار کی جانب سے لئے گئے امتحانات میں کامیابی حاصل کر کے تعینات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکار کی پالیسیوں کی وجہ سے وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔اس دوران کرشن چند پارک سے ان ملازموں نے ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی جو صدر بازار سے گزرتے ہوے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے دفتر میں اختتام پذیر ہوئی۔ریلی میں منریگا تنظیم کے ریاستی ترجمان محمد سبطین انصاری، ضلع صدر پونچھ و صوبہ جموں ،جنرل سکریٹری طارق محمود،ضلع پونچھ کے چیف ایڈوائزر سید کرار جعفری، نائب صدور زاہد خان، برکت رضا، طلعت میر وغیرہ نے بھی شرکت کی۔اس دوران ملازموں کی جانب سے ایک تحریری یاداشت ضلع ترقیاتی کمشنر کو دی گئی جس میں ان کے مطالبات درج تھے ۔انہوںنے 27 مارچ کو جموں چلو کال کا اعلان کیا ہے ۔