پونچھ// گردوارہ سنگھ سبھا، گیتا بھون اورجامع مسجد نظام الدین کی جانب جانے والی گلی کی سڑک کی خستہ حالت تھی۔اس سلسلہ میں مقامی لوگوں کی جانب سے کئی بار احتجاجی مظاہرے کئے جانے کے بعد اب وہاں سڑک کی مرمت کر کے ٹائلیں بچھائے جانے کا کام شروع کیا گیا ہے جس پر عوام نے بھی راحت محسوس کی ہے ۔اس سلسلہ میں خصوصی طور پر تاریخی اہمیت کی حامل جامع مسجد نظام الدین میں جانے والے نمازیوں،پراچین گیتا بھون پونچھ ،احاطہ صاحب اور گرداوارہ سنگھ سبھا میں جانے والے بزرگ عقیدتمندوں نے خوشی کا اظہار کیاہے ۔ایک مقامی شخص رام نے کہا کہ وہ ہر روز اس طرف سے گیتا بھون میں جاتے ہیں اور سڑک کی خستہ حالت کی وجہ سے وہ کئی بار گربھی گئے۔انہوں نے کہا چونکہ وہ بہت صبح وہاں جاتے ہیں اس لئے کئی بار گرنے کے بعد ان کو اٹھانے والا بھی کوئی نہیں تھا ۔انہوں نے میونسپل کونسل کے چیف ایگزیکٹو افسر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی پریشانیوں کا ازالہ کرنے کے لئے سڑک کی مرمت کا کام شروع کیا ہے۔اسی سلسلہ میں بات کرتے ہوئے جامع مسجد نظام الدین کے امام و خطیب نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ اس سڑک کا کام معیاری طریقہ کار پر تکمیل کو پہنچے گا۔انہوں نے اپیل کی کہ سڑک پر ٹائلیں بچھائے جانے سے قبل اس کے دونوں اطراف پانی کی نکاسی نالیوں کو درست کیا جائے ان کی بھی مرمت کی جائے تاکہ ان کی وجہ سے بعد میں سڑک کو نقصان نہ ہو۔سردار گردیو سنگھ نے بھی ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ سے اپیل کی ہے کہ سڑک کی تعمیرات میں معیاری میٹریل کا استعمال کیاجائے ۔