بھدرواہ //کرشی وگیان کیندراکے زیراہتمام بھدوراہ اور گردونواح کے علاقوں کے کسانوں کیلئے ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا ۔ورکشاپ کا افتتاح سائل سائنسدان ڈاکٹر سنجیو کمار نے کیا ۔اس موقعہ پر فشریز سائنسدان ڈاکٹر جھا نے ماہی پروری کے بارے میں کسانوں کو جانکاری فراہم کی اور اس کے فوائدپر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوںنے اس تکنیکی ترقی پر بھی بات کی جس کے ذریعہ سے اس کو فائدہ بخش بنایاجاسکتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس شعبے سے معیشت کو مستحکم بنایاجاسکتاہے اور خاص طور پر غریب اور پسماندہ طبقہ کیلئے یہ کافی زیادہ فائدہ بخش ہے ۔انہوںنے کہاکہ تالاب بناکر نہ صرف مچھلیوںکی پیداوار بڑھائی جاسکتی ہے بلکہ اس پانی کو پھر سبزیاں اگانے کیلئے بھی استعمال میں لایاجاسکتاہے جس سے دوہرا منافع ہوگا۔انہوںنے کہاکہ کسان ایک ساتھ ماہی پروری اور سبزی کاروبار کرسکتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اس علاقے میں سبزیوں کے پیدوارکے امکانات بھی ہیں جن پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ اسکے علاوہ کسانوں کیلئے مویشی بھی ایک ذریعہ معاش ہیں ۔ڈاکٹر جھانے کہاکہ کسان طبقہ خود کو اس طرح کی سرگرمیوں کیلئے تیار کرے اور اپنے ذرائع آمدن میں اضافہ کرے ۔انہوںنے کہاکہ کسان روزانہ کی بنیادوںپر پیسے کماسکتے ہیں جس کیلئے انہیں انڈے ، پولٹری ،گوشت اور دودھ کے ساتھ ساتھ مچھلیوں اور سبزیوںکو فروخت کرناہوگا۔اس دوران کسانوںکو اس بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی کہ کس طرح سے مچھلیاں ہماری صحت کیلئے ضروری ہیں ۔انہوںنے کہاکہ مچھلی کھانے سے متعدد بیماریاں دور ہوجاتی ہیں تاہم اس میں تیل کی مقدار بہت کم ہونی چاہئے ۔ورکشاپ کے دوران کسانوںکو مچھلی پالن کے حوالے سے سرکاری سکیموں کے بارے میں روشناس کرایاگیا۔مقررین نے بتایاکہ تالاب وغیرہ کی تعمیر کیلئے اسی فیصد رقومات مرکزی حکومت فراہم کرتی ہے ۔اس موقعہ پر موجود کسانوں نے مچھلی کے کاروبار میں کافی دلچسپی دکھائی اور جانکاری دینے پر کرشی وگیان کیندر کا شکریہ اد اکیا ۔