بھدرواہ //ڈوڈہ میں ایک شخص اس وقت لقمہ اجل بن گیا جب اس کی کار سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جاگری ۔یہ حادثہ ضلع کے دھارا علاقے میںجمعہ کے روز بعد دوپہر پیش آیا۔عینی شاہدین کے مطابق ڈوڈہ ۔گھٹ روڈ پرماروتی کار 800زیر نمبر JK02-4333ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجہ میں ایک شخص کی موقعہ پر ہی موت واقع ہوئی ۔مرنے والے کی شناخت محمد شریف ولد غلام محمد شیخ ساکن بابور ڈوڈہ کے طور پر ہوئی ہے ۔ ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کھٹانہ نے بتایاکہ کار دھارا سے بابور جارہی تھی جو بھیری کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر تین سو میٹر نیچے کھائی میں گری جس کے وجہ سے موقعہ پر ہی ڈرائیور کی موت ہوئی ۔انہوںنے بتایاکہ اگرچہ پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے ڈرائیور کو اٹھاکر ضلع ہسپتال ڈوڈہ منتقل کیاتاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔پولیس کے مطابق قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد لاش کو آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کردیاگیاہے ۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ ڈوڈہ میں ایک کیس درج کیاگیاہے ۔