چاڑورہ//ضلع بڈگام کے چاڑورہ علاقے میں خامپورہ نامی جگہ پر واقع گُردووارہ چھٹی پادشاہی دھرم شالا میں جمعہ کی رات کو پیش آئے چوری کے ایک واقعے کے خلاف سنیچر کو سکھ طبقے نے زبر دست احتجاج کیا ۔گُردووارہ پربندھک کمیٹی بڈگام کے بینر تلے احتجاج کررہے سکھوں کا مطالبہ تھا کہ اس واردات میں ملوث افراد کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ کمیٹی کے ضلعی صدر سنت پال سنکھ نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ وہ اس واقعے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ۔واقعے کے حوالے سے ضلع کے ایک اعلیٰ پولیس آفیسر نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ گُردوارے میں چوری کا ایک واقعہ پیش آیا ہے جسکی پولیس ہر زاویے سے تحقیقات کررہی ہے۔ انکے بقول نا معلوم نقب زن گُردو وارے کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے ہیں اور وہاں موجود ڈونیشن بکس کو توڑ نے کی کوشش کی جس کے دوران گُر دووارے کے اندر موجود چیزیں بکھر گئی تھیں۔یہاں یہ بات قابل ِ ذکر ہے کہ حال کے مہینوں میں ریاست کے متعدد جگہوں پر موجود مذہبی مقامات پر چوری کے واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں چوروں نے لاکھوں روپیوں کی نقدی اُڑا لی ۔اس ضمن میں قلم کار بشیر بڈگامی نے کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وارداتوں میں ملوث افراد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا وہ بس پیسے اور اپنا نشہ پالنے کی لت میں مذہبی مقامات کو اپنی کارستانیوں کا نشانہ بناتے کر ہمارے سماج میں پریشانیوں کو جنم دیتے ہیں ۔