ہندوارہ// ہندوارہ میں ایک پُر وقار تقریب کے دوران Joint Effort Trust (JET)کی طرف سے لگ بھگ پانچ سو مستحق طلباء میں وضائف تقسیم کئے گئے ۔ اس موقعہ پر زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں جن میں مختلف کالجوں کے طلباء و طالبات کی بھاری تعداد شامل تھی نے تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب میں جسٹس بشیر احمد کرمانی ، آل انڈیا ریڈیو کے سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رفیق مسعودی ، ڈی سی کپوارہ جی ایم ڈار، جوائنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن ، پرائیویٹ اسکول ایسو سی ایشن کے سربراہ جی این وار، چیف ایجوکیشن آفیسر کپوارہ ،متعدد کالجوں کے پرنسپل صاحبان اور ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی شامل تھے ۔ اے ڈی سی کپوارہ ڈاکٹر حفیظ مسعودی نے اس موقعہ پر JETکی کارکردگی کا تفصیل سے خلاصہ کرتے ہوئے کہا ادارہ نادار،مفلس اور پسماندہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے علاوہ تعلیمی میدان میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے ۔ ڈاکٹر رفیق مسعودی نے کہا کہ جہاں JETکی کارکردگی قابل تعریف ہے وہاں تعلیمی میدان میں بہت کچھ کرنے کی گنجائش موجود ہے ۔ ڈپٹی کمشنر کپوارہ نے اپنی تقریر میں اس بات کا یقین دلایا کہ وہ پورے ضلع میں ہر سطح پر اپنے اختیارات اور وسائل کے مطابق تعلیمی میدان میں معاونت کیلئے دستیاب رہیں گے ۔ ایم ایل اے لنگیٹ اور اے آئی پی سربراہ انجینئر رشید نے اس موقعہ پر JETکی کارکردگی کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ آٹھ برسوں کے دوران ادارے نے نا مساعد حالات کے باوجود جس طرح تعلیمی اور سماجی میدان میں کام کیا وہ سب کے سامنے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا عام لوگوں کے تعاون اور معاونت کی وجہ سے ہی ممکن ہو سکا ہے ۔ انجینئر رشید نے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ سیاسی معاملات میں الجھنے کے بجائے تعلیمی میدان میں اپنی ساری طاقت صرف کریں اور کہا کہ بہتر یہ ہے سیاسی معاملات بڑے لوگوں پر چھوڑ دئے جائیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی جسٹس بشیر احمد کرمانی نے JETکی کائوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک پاک اور منظم سماج کی تعمیر کیلئے ہر ایک کو ذاتی اور اجتماعی سطح پر بھر پور کوششیں کرنی ہوگی اور اس کیلئے لازمی ہے کہ سب لوگ اپنی ذمہ واریوں کا احساس کریں۔ اس موقعہ پر زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کئی سرکردہ اشخاص کو بھی اُن کی نمایاں کارکردگی کیلئے اعزازات سے نوازا گیا ۔