سرینگر//خوراک ، سول سپلائیز اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے یہاں ایک میٹنگ میں اُن کے ماتحت محکمے کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر امور صارفین کشمیر نے محکمے کے کام کاج کا تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔ انہوں نے جانکاری دی کہ اس وقت محکمے کے پاس 82606 میٹرک ٹن چاول اور 10766 میٹرک ٹن گندم دستیاب ہے ۔ وزیر کو بتایا گیا کہ کشمیر صوبے میں 106100 کوئینٹل چاول ماہانی مختص کئے گئے ہیں جس میں سے 70184 کوئنٹل تقسیم کئے جا چکے ہیں ۔ میٹنگ میں کنزومر فورم ، کونسل اور ویجی لینس مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دینے کے خدو خال پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ e-PDS پروجیکٹ کے حوالے سے سی اے پی ڈی کے ڈائریکٹر تصدق جیلانی نے کہا کہ تمام اضلاع میں ٹی ایس او اور گوداموں کی سطحوں پر 269 کمپیوٹر پہلے ہی نصب کئے گئے ہیں اور سو فیصد اہداف کو حاصل کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں ۔ وزیر نے آن لائین غذائی اجناس کی تقسیم کاری میں معقولیت لانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کی سہولیت کیلئے فئیر شاپ پرائس ڈائریکٹری وجود میں لائی جانی چاہئیے اور اس سے محکمے کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کیا جانا چاہئیے ۔ کام کاج میں شفافیت لانے کی ضرورت اُجاگر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ محکمے کو فوڈ آڈٹ کا عمل اپریل مہینے کے آخر سے شروع کرنا چاہئیے ۔ انہیں بتایا گیا کہ 663197 راشن کارڈوں کو آدھار کے ساتھ جوڑا گیا ہے ۔