سرینگر//نیشنل فرنٹ نے الیکشن سے قبل گرفتاریوں کے جاری سلسلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزاحمتی قائدین کو گرفتار کرکے حکام نے اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔ فرنٹ ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ متنازعہ خطے کے اندرکسی بھی طرح کے انتخابات کا انعقاد اصل میں ایک فوجی آپریشن ہوتا ہے اور آزادی پسند قیادت کو پنجروں میں بند کرنے سے ان اقدامات کی رہی سہی اعتباریت بھی ختم ہوجاتی ہے۔ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی ایسے عمل کا حصہ نہ بنیں جس کا مقصد بھارتی قبضہ کو مضبوط بنانا ہو۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو بار بار بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی مکانیت کم کرنا اور سیاست دانوں کے خلاف پولیس کو استعمال کرنے سے بھارت کی جمہوریت ایک مذاق بن کر رہ گئی ہے۔