راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں تشدد کے خلاف امن ،ترقی اور خوشحالی کے نام پر ایک مہم متعارف کرائی گئی ہے ۔اس حوالے سے یونیورسٹی کے 20طلباء کی ٹیم کا انتخاب کیاگیا ہے جو فیس بک کی طرف سے شروع کی گئی مہم ’’فیس بک گلوبل ڈیجیٹل چیلنج ورلڈ وائڈ پروگرام ‘‘میں حصہ لے گی ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس پروگرام میں شمولیت کیلئے دنیا بھر کی صرف 175یونیورسٹیوںکو موقعہ دیاگیاہے جن میں بابا غلام غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی بھی شامل ہے ۔ہندوستان میں ایسی یونیورسٹیوں کی کل تعداد 18ہے ۔اس پروگرام کا مقصد تشدد پسند خیالات کاتوڑ نکالنا ہے ۔یونیورسٹی کی طرف سے اس حوالے سے امن ، ترقی اور خوشحالی کا عنوان چناگیاہے اور ٹیم کا نعرہ تشدد کو نہ کہیں ہے ۔مہم کو متعارف کراتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت نے کہاکہ امن و خوشحالی کا پیغام وقت کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ خاص طور جموں کشمیر ریاست میں اس پیغام کی زیادہ اہمیت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ تشدد سے تباہی ہوتی ہے اور کوئی بھی قوم یا ملک تشدد کے راستے پر چل کر مقصد حاصل نہیں کرسکتا۔اس موقعہ پر یونیورسٹی کے دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔