دھرم شالہ، 26 مارچ (یو این آئی) اوپنر لوکیش راہل (60) اور چتیشور پجارا (57) نے شاندار نصف سنچری اننگز کھیلی لیکن آسٹریلیا کے آف اسپنر ناتھن لیون نے زبردست بولنگ کرتے ہوئے 67 رنز پر چار وکٹ لے کر ہندستان کے خلاف چوتھے اور فیصلہ کن ٹیسٹ کو دوسرے دن اتوار کو دلچسپ موڑ پر پہنچا دیا۔ہندوستان نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 91 اوور میں چھ وکٹ پر 248 رنز بنا لئے ہیں اور وہ آسٹریلیا کے پہلی اننگز کے 300 رنز کے اسکور سے 52 رنز پیچھے ہے جبکہ اس کے چار وکٹ باقی ہیں ۔ میچ کافی دلچسپ ہو چلا ہے اور دونوں ہی ٹیموں میں برتری کے لئے زبردست جدوجہد ہے ۔دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہندستان ایک وقت دو وکٹ پر 157 رنز بنا کر کافی اچھی حالت میں تھی لیکن اس نے 221 رن تک جاتے جاتے اپنے چھ وکٹ گنوا دیے ۔آف اسپنر لیون نے اس دوران ہندستان کو چار وکٹ لے کر سب سے زیادہ جھٹکے پہنچائے ۔لیون نے پجارا (57)، کرون نائر (5)، قائم مقام کپتان اجنکیا رہانے (46) اور روی چندرن اشون (30) کے وکٹ لے کر آسٹریلیا کو واپسی مقابلے میں پہنچا دیا۔اس سے پہلے تیز گیند باز جوش ہیزل وڈ نے اوپنر مرلی وجے (11) اور پیٹ کمنز نے لوکیش راہل (60) کے وکٹ حاصل کیں ۔دوسرے دن اسٹمپ کے وقت ردھمان ساہا 10 اور آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ 16 رنز بنا کر کریز پر ہیں۔جڈیجہ نے اپنی اننگز کے دوران اپنے 1000 ٹیسٹ رنز بھی پورے کر لئے ہیں۔ میچ میں تیسرے دن صبح کا سیشن انتہائی فیصلہ کن رہے گا۔دونوں ہی ٹیمیں اس بات کی پوری کوشش کریں گی کہ پہلی اننگز میں برتری لے کر مخالف ٹیم پر نفسیاتی دباؤ بنایا جائے ۔میچ کے دونوں ہی دن اب تک شاندار کھیل دیکھنے کو ملا ہے اور عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک اور نمبر دو ٹیموں نے اتار چڑھاو سے گزرتے ہوئے واپسی کی ہے ۔پہلے دن جہاں ہندستانی چائنامین بولر کلدیپ یادو نے چار وکٹ تو دوسرے دن آسٹریلوی آف اسپنر لیون نے چار وکٹ لئے ۔دن کے اختتام تک ہندستان کی صورتحال خراب ہو سکتی تھی لیکن میٹ رینشا نے ساہا کو 88 ویں اوور کی آخری گیند پر پہلی سلپ میں جیون دان دے دیا۔اس وقت ساہا کا اسکور نو رن اور ہندستان کا اسکور 243 رنز تھا۔کمنز کی گیند پر ساہا کو یہ جیون دان ملا۔رینشا نے اس سے پہلے صبح کے سیشن میں بھی لوکیش راہل کا کیچ ڈراپ کیاتھا۔راہل نے اس کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے 124 گیندوں میں نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 60 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔راہل کی اس سیریز میں یہ پانچویں نصف سنچری تھی۔ان کی بدقسمتی رہی کہ پانچوں بار 50 رنز پار کرنے کے باوجود وہ اسے سنچری میں تبدیل نہیں کر پائے ۔ہندستان نے صبح بغیر کوئی وکٹ کھوئے صفر سے آگے کھیلنا شروع کیا۔مرلی وجے جلد ہی پویلین لوٹ گئے ۔ہیزل وڈ کی گیند پر وکٹ کیپر میتھیو ویڈ نے وجے کا کیچ لپکا۔وجے نے 36 گیندوں میں 11 رنز بنائے اور ہندوستان کا پہلا وکٹ 21 کے اسکور پر گرا۔راہل اور پجارا نے اس کے بعد دوسرے وکٹ کے لئے 87 رن کی شراکت کی۔دونوں بلے بازوں نے پہلے سیشن میں انتہائی سنبھل کر کھیلتے ہوئے لنچ تک ہندوستان کے اسکور کو 64 رنز تک پہنچایا۔لنچ کے وقت راہل 31 اور پجارا 22 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے ۔راہل نے اپنے 50 رن 98 گیندوں میں پورے کئے ۔اعتماد کے ساتھ کھیل رہے راہل کے شاٹس کو دیکھ کر لگ رہا تھا کہ وہ آج بڑی اننگز کھیل جائیں گے ۔لیکن انہوں نے کمنز کی اٹھتی گیند کو ہک کرنے کی کوشش کی اور وارنر کو کور میں کیچ تھما بیٹھے ۔ہندستان کا دوسرا وکٹ 108 کے اسکور پر گرا۔پجارا اور رہانے چائے کے وقفہ تک ہندوستان کے اسکور کو 153 رنز تک لے گئے ۔اس درمیان پجارا نے اپنی 15 ویں نصف سنچری 123 گیندوں میں مکمل کر لی۔ چائے کے وقفہ تک ہندوستان کی صورت حال انتہائی مضبوط نظر آ رہی تھی لیکن چائے کے وقفہ کے بعد لیون نے ہندستان کو ایک کے بعد ایک جھٹکے دیے ۔لیون نے جم چکے پجارا کو شارٹ لیگ پر پیٹر ھیڈاسکمب کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔پجارا نے 151 گیندوں پر 57 رنز میں چھ چوکے لگائے ۔نائر ایک بار پھر ناکام رہے اور لیون کی گیند پر وکٹ کیپر ویڈ کو کیچ دے بیٹھے ۔نائر نے 16 گیندوں میں پانچ رنز بنائے ۔ہندستان کا چوتھا وکٹ 167 کے اسکور پر گرا۔رہانے اور اشون نے پانچویں وکٹ کے لئے 49 رن کی ساجھے داری کی۔ہندوستان کی صورت حال سدھرتي نظر آ رہی تھی کہ لیون نے رہانے کا قیمتی وکٹ جھٹک لیا۔رہانے نے آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کا کیچ سلپ میں لپکا تھا تو اس بار اسمتھ نے رہانے کا کیچ سلپ میں لپک لیا۔رہانے نے 104 گیندوں پر 46 رن میں سات چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ رہانے کا وکٹ 216 کے اسکور پر گرا اور اس کے پانچ رن بعد لیون نے اشون کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔اشون نے 49 گیندوں پر 30 رنز میں چار چوکے لگائے ۔ساہا اور جڈیجہ نے پھر باقی کھیل محفوظ نکال لیا۔تاہم آسٹریلیا نے 87 اوور کے بعد دوسری نئی گیند لی۔جڈیجہ نے اپنی ناٹ آؤٹ 16 کی اننگز میں دو چھکے لگا ئے ہیں۔لیون نے 28 اوور میں 67 رن پر چار وکٹ، ہیزل وڈ نے 18 اوور میں 40 رن پر ایک وکٹ اور کمنز نے 21 اوور میں 59 رن پر ایک وکٹ لیا۔یو این آئی۔