پونچھ //منڈی کے فتح پور گائوں میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول محلہ ڈھکی سیداں میں بنیادی ڈھانچے کا فقدان ہے جہاںطلباء کو بیٹھنے کی سہولت دستیاب ہے اور نہ ہی اساتذہ کیلئے کرسیاں ہیں ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اسکول میں بیت الخلا ء بنایا گیا ہے لیکن اس کو تالا لگا کے بند کر دیا گیا ہے جبکہ باورچی خانے کی بھی دیکھ ریکھ نہ ہونے کی وجہ سے خستہ حالت ہوچکی ہے ۔سابق سرپنچ فتح پور نے کہا کہ آج کے جدیدو ترقیاتی دور میں جہاں سرکار کی جانب سے بچوں کو فرنیچر اور کمپیوٹر س وغیرہ کی سہولت دی جاتی ہے ،ان کے گائوں کے پرائمری اسکول میں اچھے معیار کے ٹاٹ بھی دستیاب نہیں۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں سوئوچھ بھارت مشن کے تحت اسکولوں میں بیت الخلاء تعمیر کئے جارہے ہیںاور صفائی مہم چلائی جارہی ہے لیکن ان کے گائوں میں بچوں کے بیٹھے کی جگہ بھی صفائی نہیں کی جاتی۔انہوں نے کہا کہ اسکول میں اگر چہ بیت الخلاء اور باورچی خانہ تعمیر کروایا گیا تھا لیکن اس میں غیر معیاری سامان استعمال کیا گیا ہے جو استعمال کرنے کے قابل نہیں۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی کہ وہ ـ اسکول کی تعمیرکرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں ۔انہوںنے کہاکہ طلباء اور اساتذہ کو سہولیات فراہم کی جائیں اور بنیادی ڈھانچے کے نام پر خالی دعوے نہ کئے جائیں۔