کشتواڑ//محکمہ دیہی ترقی کا ایک اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر AEEہوٹل کی سیڑھیوں سے پھسل کر موت کے منہ میں چلا گیا جس کے بعد قصبہ میں سراسیمگی مچ گئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ متوفی بشن لال ساکن پاڈر ویٹرنری ہسپتال کے قریب واقع سی ایم جی ہوٹل کے کمرہ نمبر 104میں پچھلے ایک ہفتہ سے قیام پذیر تھا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب وہ کسی کام سے کثیر منزلہ ہوٹل میں اپنے کمرہ سے باہر نکلا تو سیڑھیوں سے پھسل کر گر پڑا اور شدید زخمی ہو گیا۔ ہوٹل ملازمین نے پولیس کو مطلع کیا تو ایس ایچ او کشتواڑ سمیر جیلانی کی قیادت میں پولیس پارٹی ہسپتال پہنچی اور اسے ہسپتال منتقل کیا ۔ تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ اس کے سر میں گھمبیر چوٹ آئی تھی جس کے نتیجہ میں وہ جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس نے دفعہ 174سی آر پی سی کے تحت معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔