سرینگر// حریت (ع)،لبریشن فرنٹ، فریڈم پارٹی،دختران ملت، تحریک المجاہدین ،لشکر طیبہ ،تحریک مزاحمت، مسلم خواتین مرکز،محاذآزادی، مسلم کانفرنس، انٹرنیشنل فورم فارجسٹس ، ینگ مینز لیگ ، تحریک استقامت،لبریشن فرنٹ (آر )،اسلامک پولٹیکل پارٹی اورمسلم پولٹیکل لیگ نے پدگام پورہ اونتی میں فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ حریت (ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے مبنی برحق جدوجہد میں کشمیری عوام کی قربانیوں کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ظلم و جبر کے ہتھکنڈوں سے اس قوم کی جائز آواز کو زیادہ دیر تک دبایا نہیں جاسکتا اور نہ بے پناہ فوجی جماﺅ اور کالے قوانین کے بل پر کشمیری عوام کو حصول حق خودارادیت کی جدوجہد سے دستبردار کیا جاسکتا ہے ۔ میرواعظ نے ریاستی حکمرانوں اور انکے آقاﺅں کی جانب سے انتخابی ڈرامے میں رنگ بھرنے کیلئے سرینگر اور وادی کے شمال و جنوب میں بڑے پیمانے پر نوجوانوں اور طالب علموں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گھر گھر چھاپوں اور نوجوانوںکی پکڑ دھکڑ سے پوری وادی میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے اور جمہوریت کے نام پر کھلی آمریت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مزاحمتی رہنماﺅں اور نوجوانوں کو گرفتار کرکے یا ان کی پر امن سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کرکے ریاستی حکمرانوں کا جمہوریت کے گن گانا اچھا نہیں لگتا کیونکہ کشمیر میں آکر ان کی جمہوریت کے معنی یکسر بدل جاتے ہیں ۔ میرواعظ نے کہا کہ اپنے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو بزور طاقت دبانا حکمرانوں کا وطیرہ بن گیا ہے اور کشمیر میں یہ عمل کئی دہائیوں سے مسلسل جاری ہے ۔لبریشن فرنٹ نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظلم و جبر سے پشت بہ دیوار کئے گئے کشمیری جوان اپنے گرم گرم لہو کی قربانیاں دے کر تحریک آزادی جموں کشمیر کے پودے کو سیراب کررہے ہیں۔ فرنٹ نے دونوں جنگجوﺅںکےلئے بلند درجات کی دعائیں اور انکے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔فریڈم پارٹی کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد عبدااللہ طاری نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے اس موقع پر اس معصوم خون کی پکار نہ سنی اور لاج نہ رکھی تو غلامی کی سیاہ رات اور طویل ہوجائے گی ۔مولانا طاری نے کہا کہ یہ جوان اپنی جوانیوں کو ایک خاص مقصد کی خاطر پیش کیا اوراب یہ ہمارے لئے آزمائش کی گھڑی ہے کہ ہم ان لوگوں کے حق میں اپنے ووٹ و سپورٹ کا مظاہرہ کریں جن کی بندوقیں ہم سے ہمارے جوان چھین رہی ہیں،یا ان انتخابات سے متعلق لاتعلقی اختیار کریں ۔ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی وعسکری قیادت کو ان وجوہات کی نشاندہی کرنی چاہئے جن سے جنگجوﺅں کو اس قدر جانی نقصان پہنچ رہا ہے۔انہوں نے کہا” پچھلے ایک ماہ میں کئی جنگجو جاں بحق ہو گئے ہیں جو کہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اس لئے اس بات کا پتہ لگایا جانا چاہئے کہ فوج کس طرح سے سراغ رسانی کر رہی ہے“۔ انہوں نے کہا کہ جنگجوﺅں کی متواتر شہادتیں ایک ناقابل تلافی نقصان ہے جس کا تدارک فوری طور کرنے کی ضرورت ہے۔لشکر طیبہ چیف محمود شاہ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ بے شک قربانیاں آزادی کی منزلیں طے کیا کرتی ہیں ۔انہوں نے کہا ”ہم سلام پیش کرتے ہیں حریت پسند عوام کو جو اپنے جنگجوﺅں کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہارکرتے ہیں جومہذب دنیا کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ کشمیری کسی صورت میں تسلط کو قبول نہیں کریں گے“ ۔تحریک المجاہدین کے ترجمان نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اُن کا مشن جاری رہے گا۔ترجمان کے مطابق فورسز نے جنگجوﺅں کو سرنڈر کرنے کی پیشکش کی لیکن انہوں نے ہتھیار ڈالنے کے بجائے لڑنے کو ترجیح دی۔تحریک مزاحمت چیئرمین بلال صدیقی ، مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ،محاذآزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر، مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار، انٹرنیشنل فورم فارجسٹس کے چیئرمین محمداحسن اونتو، ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی، تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار، لبریشن فرنٹ ( آر ) کے جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی ، اسلامک پولیٹکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش اورمسلم پولٹیکل لیگ کے سربراہ فاروق احمد توحیدی نے پدگام پورہ میں فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ میں حزب سے وابستہ دو جنگجوﺅں رئیس احمد وانی اور فاروق احمد بٹ کے جاں بحق ہونے پر اُنہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بہترین خراج عقیدت یہ ہے کہ ہم اُن کے ادھورے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے اپنی جائز جدوجہد جاری رکھیں اور اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پائیدار و پُرامن حل کے لئے سیاسی اور سفارتی محاز وںپر سرگرم عمل رہیں۔