سرینگر// کشمیر یونیورسٹی کی طرف سے مشتہر کئے گئے بی ائے، بی ایس سی ،بی کام فائنل ائیر کے نتائج کے خلاف طلبہ کی طرف سے احتجاجوں کا سلسلہ جاری ہے اورسوموار کو اسلامیہ کالج سے آئے طلباء نے پریس کالونی میں احتجاج مظاہر ہ کیا۔ احتجاجی طلبہ نے بتایا کہ بی کام آنرز میں پچھلے دو برسوں تک بہترین کارکردگی دکھانے کے بعد تیسرے سال یونیورسٹی نے طلبہ کو ناکام قرار دیا ہے۔ طلبہ نے بتایا کہ کوئی بھی طالب علم ایک سال کے اندر پڑھائی میں کمزور نہیں ہوسکتا کہ وہ پاس ہونے کیلئے 36نمبرات تک بھی حاصل نہ کرسکے۔ طلبہ نے بتایا ’’ امتحانات سے قبل انہیں اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ اضافی 10نمبرات دئے جائیں گے تاہم امتحانی نتائج سامنے آنے کے بعد یہ بات صاف ہوگئی ہے کہ یونیوسٹی نے اضافی نمبرات نہیں دئے ہیں۔ کشمیر یونیوسٹی کے کنٹرولر امتحانات عبدالسلام بٹ نے کہا ’’ بی کام آنرز کے طلبہ کی شکایات پہلے ہی ہمارے پاس موجود ہے اور ہم کمیٹی تشکیل دیکر جلد از جلد معاملے کو دیکھیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اُمید ہے کہ کمیٹی دو دنوں کے اندراپنی رپوٹ جمع کرے گی۔