سرنکوٹ //اگرچہ مغل شاہراہ بھاری برفباری اور پسیوںکی زد میںہے لیکن حکام کا کہناہے کہ روڈپر ٹریفک کی آمدورفت کا سلسلہ 15اپریل تک بحال کردیاجائے گا۔ سڑک پر ٹریفک بحال کئے جانے کا کام متعلقہ محکمہ کی جانب سے زور شور سے جاری ہے ۔بفلیاز کی جانب سے ابھی اس سڑک کے بیشتر حصہ پسیاں گر آنے سے اور برف کے تودے گرنے کی وجہ سے بالکل بند ہے جس میں ابھی وقت لگ سکتا ہے۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے محکمہ کے اے ای ای لیاقت علی نے بتایا کہ انکا محکمہ مغل شاہرا ہ کو بحال کرنے کے لئے دن رات کام کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ شاہراہ سے برف ہٹانے کاکام 17 مارچ کو شروع کیا گیا تھا،محکمہ کی جانب سے جدید مشینری استعمال کی جارہی ہے اور اس وقت تک بفلیاز سے آگے31کلو میٹر سڑک بالکل صاف کردی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک پر مختلف تین مقامات پر سخت پسیاں پڑی ہیں۔یہ پسیاں پناڑ ،شکار گاہ ،تارکنا چھتہ پانی ،پشانہ ٹاپ وغیرہ میں پڑی ہیں جہاںسے سڑک بالکل تباہ ہوچکی ہے تاہم حکام کاکہناہے کہ ان مقامات پر بھی کام چل رہاہے ۔اے ای ای نے مزید بتایاکہ ان کے پاس مکنیکل عملہ کی کمی ہے جس وجہ سے کام اس تیزی سے نہیں ہو رہا ہے جس رفتار سے اسے کیا جانا چاہئے۔ البتہ انہوںنے کہاکہ اس کے باوجود محکمہ 15اپریل تک کو سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بحال کر دے گا۔یہ بات قابل ذکرہے کہ دوسری جانب شوپیاں سے پیر کی گلی تک سڑک سے بالکل برف ہٹا کر اسے بحال کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ مغل شاہر اہ پر سردیاں شروع ہوتے ہی شدید برف باری کی وجہ سے ہر سال ٹریفک بند جاتی ہے اور پھرا سے اپریل یا اس کے بعد بحال کیاجاتاہے ۔