راجوری //راجوری سے کوٹ دھڑا جانے والے والی واحد روڈ مکمل طور پر خستہ ہے جس کی مرمت پچھلے کئی سال سے نہیں کی گئی ۔روڈ کی خراب حالت پر مقامی لوگوں اور گاڑی مالکان نے گاڑیوں کی آمدورفت بند کرکے احتجاجی دھرنادیا۔مظاہرین کا مطالبہ تھاکہ روڈ کی مرمت کرکے عوام کو بہتر سڑک سہولیات فراہم کی جائیں ۔ گاڑی مالکان نے بتایا کہ روڈ اس قدر خستہ حالت کاشکارہے کہ پیدل چلنا بھی محال ہوچکا ہے تاہم محکمہ تعمیرات عامہ اور متعلقہ ایم ایل اے عوام کی مشکلات پر توجہ نہیں دے رہے جبکہ انتخابات 2014میں عوام نے روڈ بجلی اور پانی کے لئے ہی ووٹ دیئے تھے ۔انہوںنے کہاکہ یہ روڈ کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہے اور نالے کی شکل اختیار کر گئی ہے جس کی مرمت آج سے قبل 9سال ہوئی تھی جس کے بعد اب تک اس کی مرمت نہیں کی گئی ۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ تعمیرات عامہ ہر سال روڈ کے کچھ مقامات پر پیجنگ کر کے لاکھوں روپے کے فرضی بل نکلوارہا ہے جس کے متعلق کوئی بھی جوابدہی نہیں۔دریں اثنا تحصیلدار راجوری نے موقعہ پر پہنچ کر لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ ایک ہفتے کے اندراندر روڈ کاکام شروع کیا جائے گاجس کے بعد مظاہرین اس انتباہ کے ساتھ منتشر ہوگئے کہ اگر یقین دہانی پر عمل نہ ہواتو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے ۔