سرنکوٹ// سرنکوٹ کے سنئی گائوںکے وارڈ نمبر پانچ اور محلہ بیلہ کے عوام پچھلے ایک ماہ سے گھپ اندھیرے میں ہیںجہاں ٹرانسفارمر نصب کرکے بجلی سپلائی بحال نہیں کی جارہی ۔مقامی لوگوں کے مطابق نہ ہی پرانے ٹرانسفارمر ٹھیک کئے گئے ہیں اور نہ ہی ان کی جگہ نئے ٹرانسفارمروں کی تنصیب کی جارہی ہے ۔ ان محلہ جات کے لوگوں کا کہنا ہے کہ آج کے جدید دور میںبھی اگر سرنکوٹ کے قریب ترین گائوں میں اتنے دن تک بجلی بحال نہیں ہو سکتی تو تحصیل انتظامیہ خصوصی طور پر محکمہ بجلی کے افسران کو شرم آنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ گاؤں سنئی کا محلہ خواجہ اور محلہ بیلہ گھپ اندھیرے میں ہیں۔ وارڈ نمبر 5 محلہ خواجہ اور محلہ بیلہ وارڈ نمبر تیرہ میں ایک ماہ سے بھی زائد عرصہ سے بجلی بند ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ عوام کی جانب سے محکمہ کو بار بارمطلع کرنے کے باوجود بھی کوئی اثر نہیںہوا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو استحصال کیا جا رہا ہے اور انتظامیہ کا کوئی بھی افسربجلی بحالی کیلئے سنجیدہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں میں بے چینی انتہا کو پہنچ گئی ہے اور اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کو ہے ۔سنئی کے انجم خواجہ اور محلہ بیلہ کے لالی خان اور کفیل احمد نے بتایا کہ اتنے عرصہ سے ٹرانسفارمر جلے ہوئے ہیںا ور بجلی بند ہے لیکن محکمہ کو کوئی پرواہ ہی نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ انہیں اس بات کیلئے مجبور کیاجارہاہے کہ وہ سڑکوں پر نکل کر گاڑیاں بند کرکے احتجاج کریں ۔