کٹھوعہ// نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے آج بلاور میں عوامی شکایات کے ازالہ کے لئے ایک کیمپ کا اہتمام کیا جس میں منڈلی، مڈون، بھڈو، پرنالا، کوٹلی ، سکرالہ، رام کوٹ، مچھیڈی، ڈیولی اور پنتر دیہات کے عوام نے شرکت کی اور اُن کو درپیش مختلف مسائل کے بارے میں نائب وزیر اعلیٰ کو آگاہی دلائی۔وفود نے پانی، بجلی، صحت، تعلیم، صفائی و ستھرائی اور سڑک رابطوں کی بہتری جیسے مطالبات وزیر کے سامنے رکھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے عوام کی طرف سے اُبھارے گئے معاملات کو معیاد بند طریقے پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ موجودہ سرکار ریاست کی مساوی ترقی کے لئے ایک منظم لائحہ عمل کے تحت کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاور تحصیل میں سیاحت کی کافی گنجائش ہے اور اسے سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقے میں عوامی مشکلات کے ازالہ کے لئے300 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی کام شروع کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اُن کے سی ڈی ایف کا ایک اچھا خاصا حصہ پینے کے صاف پانی کی دستیابی کے لئے منتقل کیا گیا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے لوگوں کو لاڈلی بیٹی، اجولا یوجنا اور دیگر مرکزی و ریاستی سکیموں سے استفادہ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے وزیر اعظم اُجولا یوجنا کے تحت اہل خواتین مستفیدین میں35 رسوئی گیس کنکشن تقسیم کئے۔بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے بیساکھی میلے کے سلسلے میں انتظامات کا جائیزہ لینے کے علاوہ ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ کیا۔میٹا ڈور سٹینڈ کے نزدیک مسافر شیڈ کے دورے کے دوران انہوں نے افسروں کو معیاری ریت اور اینٹوں کے استعمال کو یقینی بنانے کے احکامات دیئے۔ اس موقعہ پر ریت کا نمونہ جانچ کے لئے بھیجا گیا۔ناز گراؤنڈ میں نائب وزیر اعلیٰ دیوار کی تعمیر کے معیار میں گراوٹ کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے افسران کو اعلیٰ معیاری مواد استعمال کرنے کی ہدایت دی۔اس کیمپ میں ایس ڈی ایم بلاور کے علاوہ دیگر افسران اور بھاری تعداد میں عوام نے شرکت کی۔