ڈوڈہ //جموں کشمیر نیشنل ٹریڈ یونین فرنٹ کی طرف سے صدر مقام ڈوڈہ میں ایک میٹنگ زیر صدارت یونین اکائی ڈوڈہ صدر برکت علی منعقد ہوئی۔میٹنگ میں ضلع ڈوڈہ کے مختلف محکموں سے وابستہ عارضی ملازمین نے شرکت کی اور اپنے مسائل مطالبات پر تبادلہ خیال کیا اور مستقبل بارے غور خوض کیا۔میٹنگ کے دوران ضلع ڈوڈہ سے محکمہ جنگلات کیمپا اسکیم کے تحت عارضی ملازمین کی بھاری تعداد نے برکت علی کی قیادت میں نیشنل ٹریڈ یونین میں شمولیت اختیا رکی۔اور تمام عارضی ملازمین نے سرکار سے اپنے دیرینہ مطالبات کو حل کرنے کی مانگ کی اور عارضی ملازمین کی مستقل بارے جامع پالیسی مرتب کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ سرکار مزید کوئی تاخیر کئے ہمارے مطالبات کو پورا کرے بصورت دیگر وہ دِن دور نہیں جب تمام عارضی ملازمین یونین کے بینر تلے متحد ہو کر بھاری احتجاجی دھرنے کرنے پر مجبور ہو جائیں گے جس کی ذمہ دار صرف اور صرف متعلقہ حکام اور ریاستی سرکار ہو گی۔ضلع صدر نے ریاستی سرکار و متعلقہ حکام کو صرف پانچ اپریل تک مہلت دیتے ہوئے کہا کہ اگر5 اپریل کے اندر اندر عارضی ملازمین کی بقایا جات کو واگزار نہ کیا گیا تو ضلع سطح پر بہت بڑا احتجاج کیا جائے گا جس کی ذمہ دار سرکار ہو گی میٹنگ میں یونین کے جنرل سیکرٹری کیول کرشن ،مشتاق احمد ،محمد شریف ڈار ،عمران حسین جاوید اقبال، محمد یوسف، شمشیر سنگھ، نور محمد نے بھی شرکت کی۔