سرینگر//جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن چاڈورہ میں فورسز کے ہاتھوں3نوجوانوں کی ہلاکت اور درجنوں کو گولیوں ،پلٹ گنوں اور ٹیر گیس شلوں سے زخمی کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر میںمعصوم اور نہتے شہریوں کو مارنے کا نوٹس لیں اور اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے احتجاج کریں تاکہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی رک سکے ۔بار ایسوسی ایشن نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشیا واچ اور دنیا کے دیگر بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموںسے اپیل کی کہ کشمیر میں فورسز کی طرف سے لوگوں کو دہشت زدہ کرنے،ظلم و ستم روکنے اور فی الفور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔بار ایسوسی ایشن نے اسلامی ممالک کے سربراہان سے اپیل کی کہ وہ فوری اجلاس بلائیں اور اسلامی ممالک اور خاص طور پر اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کے تمام سربراہان کشمیر مسئلہ کے حل اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے بحث کریں تاکہ ان ممالک کی طرف سے ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھائے جا سکیں اور کشمیر میں نسل کشی روکی جائے۔بار ایسوسی ایشن نے مشترکہ مزاحتمی قیادت کی طرف سے دی گئی ہڑتال کال کی حمایت کرتے ہوئے بار ممبران سے اپیل کی کہ وہ عدالتوں میں کام کا بائکاٹ کریں اور بے گناہ ہلاکتوں کے خلاف احتجاج میں شامل ہوجائیں ۔