سرینگر// پولیس نے ساکھشر بھارت مشن(مرکزی معاونت والی سکیم)سے بے دخل کئے گئے اساتذہ کی طرف سے احتجاجی پروگرام کو ناکام بناتے ہوئے لاٹھی چارج اور رنگین پانی کی دھار پھینک کر انہیں منتشر کیا جس دوران سو ل لائنز میں بھاگم بھاگ کے مناظر دیکھنے کو ملے اور ریذیڈنسی روڈ پر کچھ دیر کیلئے ٹریفک کی آوا جاہی پر خلل پڑا۔ مرکزی معاونت والی سکیم ساکھشر بھارت مشن کے تحت کام کر رہے اساتذہ کی 6سال کے بعد بے دخلی کے خلاف اساتذہ نے منگل کو احتجاجی پروگرام بنایا تھا ۔چنانچہ اساتذہ کی ایک بڑی تعداد برستی بارشوں کے باوجود پولو گرائونڈ میں جمع ہوئے جہاں پہلے سے پولیس کی بھاری جمعیت کو تیار حالت میں رکھا گیا تھا۔احتجاجی اساتذہ نے زوردار نعرے بازی کرتے ہوئے جونہی گرائونڈ سے باہر آنے کی کوشش کی تو پولیس نے ان کا راستہ روک لیا جس پر طرفین کے مابین زور آزمائی بھی دیکھنے کو ملی۔اسی دوران احتجاجی اساتذہ میں اُس وقت اتھل پتھل مچ گئی جب پولیس نے خاص قسم کی گاڑیوں سے اُن پررنگین پانی کی دھاریں پھینکی اور ساتھ ہی لاٹھی چارج کیا۔جس کے نتیجے میں احتجاج کررہے اساتذہ میں کھلبلی مچ گئی اور کئی احتجاجیوں کو چوٹیں آئیں جبکہ کئی ایک کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ ایسوسی ایشن کے صدر اشفاق احمد شاہ نے بتایا کہ حکومت ہمیں زبردستی سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور کررہی ہے جبکہ حکومت نے اساتذہ کی مستقلی کے بجائے6سال بعد انہیں بے دخل کیا جو سراسر نا انصافی ہے۔