شوپیان//حالیہ مہینوں میں اپنی نوعیت کے دوسرے بڑے واقعے میںمسلح افراد نے شوپیان میں مقیم دو پولیس افسران کے گھروں میں گھس کرفائرنگ کی تاہم مذکورہ آفیسر کے افراد خانہ کو کوئی گزند نہیں پہنچائی گی۔اس دوران فائرنگ اور توڑ پھوڑ کے نتیجے میں مذکورہ مکان کے شیشے اور درودیواروں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں ۔جموں وکشمیر پولیس میں بحیثیت اے ایس آئی تعینات دو بھائی ریاض احمدراتھر اور دلبر احمد ساکنان کیلر کے گھر کے دروازے پر سوموار کی رات 9بجے دستک ہوئی ۔اس وقت دونوں پولیس آفیسر بھائی گھر پر موجود نہیں تھے ۔اس بارے میں کشمیر عظمیٰ کو تفصیلات دیتے ہوئے افراد خانہ نے بتایا کہ رات9بجے ان کے گھر کے صدر دروازے پر دستک ہوئی ۔جب انہوں نے دروازہ کھولا تو وہاں دو وردی پوش افرادکو پایا۔افراد خانہ کے مطابق جنگجوئوں نے دونوں پولیس آفیسر بھائیوں کے بارے میں میں پوچھ تاچھ کی ۔انہوں نے کہاکہ وردی پوشوں کے ان کے گھروں کی توڑ پھوڑ کی اور اندھا دھند فائرنگ سے مکان کے شیشے اور صحن میں رکھی گاڑی کی توڑ پھوڑ کی جبکہ اس گاڑی کو جلانے کی بھی کوشش کی ۔شوپیان پولیس نے کیس درج کیا ہے اور تحقیقات شروع کی۔افراد خانہ کے مطابق مسلح افراد نے انہیں اپنے پولیس افسر رشتہ داروں کو سیدھے راستے پر آنے کی دھمکی دی ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ حالیہ ایام میں یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے ۔اس سے قبل بھی مسلح افراد نے پولیس آفیسر کے گھر میں گھس کر اس طرح کی کارروائی عمل میں لائی تھی ۔