دھرم شالہ//دنیا کے نمبر ایک بلے باز اور آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے ہندوستان کے ہاتھوں سیریز گنوانے کے بعد سیریز کے دوران اپنی جارحیت اور رویہ کے لئے معافی مانگی ہے ۔ ہندستان نے آسٹریلیا کو ایچ پي سي اے اسٹیڈیم میں منگل کو چوتھے ٹیسٹ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر 2۔1 سے سیریز جیت لی تھی۔یہ میچ 1۔1 سے برابر چل رہی دونوں ٹیموں کے لیے فیصلہ کن تھا۔میچ کے بعد آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ یہ ایک زبردست سیریز رہی۔ میرے لئے یہ اب تک کی بہترین سیریز میں سے ایک تھی۔لیکن ہمیں ہندستان کو کریڈٹ دینا ہوگا جو کمال کی ٹیم ہے اور اپنے گھریلو میدان پر وہ سب سے بہترین ثابت ہوتی ہے ۔ ہندستان اور آسٹریلیا کے درمیان چار میچوں کی سیریز گزشتہ مقابلوں میں سب سے زیادہ دلچسپ اور بحث سے بھرپور رہی جس میں اسمتھ سب سے زیادہ تنازعہ کا مرکز رہے ۔اسٹار بلے باز اسمتھ کے ڈي آرایس تنازعہ اور جارحانہ رویے سے ان کے اور ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی کے درمیان تلخی بڑھ گئی۔اگرچہ سیریز کے اختتام پرا سمتھ نے مانا کہ ان کا رویہ اس بار کافی جارحانہ رہا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس پوری سیریز میں کچھ زیادہ ہی جارحانہ اور سنگین رہا۔میں ہر حال میں اپنی ٹیم کے لیے جیتنا چاہتا تھا۔کئی بار تو میں اپنے ہی الگ ذہن میں تھا اور اس وجہ سے کافی جذباتی ہو گیا۔