سرنکوٹ//حالیہ دنوں مینڈھر میں ایک ادویات فروش کی گرفتاری کے بعد پولیس نے سرنکوٹ سے بھی دوائیوں کی دکان سے نشہ آور ادویات کی فروخت کے الزام میں دکان مالک اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیاہے ۔ پولیس نے ڈی ایس پی سرنکوٹ اصغرعلی ملک کی قیادت میں ڈاکٹروں کی ٹیم کے ہمراہ اچانک چھاپہ ماراجس دوران معائنہ میں دکان کے اندر سے نشہ آور ادویات پائی گئیں ۔ پولیس نے دکان کے مالک مختار احمد منہاس اوراس کے ساتھی آزاد احمد منہاس کو گرفتار کرلیاہے ۔دونوں ملزمان کا تعلق تحصیل کے فضل آباد علاقے سے ہے ۔پولیس کے مطابق نشہ آور کیپسول اور دیگر ادویات برآمد ہوئی ہیں اور ان کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہے ۔پولیس کاکہناہے کہ پوچھ تاچھ کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں پورے گروہ کو بے نقاب کیاجائے گا۔