پونچھ//نہرو یوا کیندرپونچھ اور سرسید ایجوکیشن مشن نے باہمی اشتراک سے منشیات کے نقصانات پر سمپوزیم کا انعقاد کیا۔اس موقعہ پر مہمان خصوصی ممبر قانون ساز اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے تھے جنہوںنے شمع روشن کر کے سمپوزیم کا آغاز کیا ۔اپنے خطاب میں شاہ محمد تانترے نے کہا کہ معاشرے کو تباہ کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی ۔انہوں نے تمام افسران اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس حوالے سے متحرک ہو کر کام کریں۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پورا خیال رکھیں اور جو بچے اس کا شکار ہو چکے ہیں، ان کی نشاندہی کر کے ان کو اس لت سے نجات دلانے کے لئے ان کا علاج کروائیں ۔اس موقعہ پر مختلف محکموں کے افسران کے علاوہ ، معزز شخصیات جن میں انمول سنگھ، بشیر احمد خاکی، یوسف حسین، ڈاکٹر منظور احمد، پرنسپل ڈگری کالج پونچھ ، شفیق احمد، ڈاکٹر پرم جیت سنگھ ،شوبا کماری، محمد آزاد خان ۔،ڈاکٹر گگن دیپ سنگھ وغیرہ بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر سلیم بٹ ڈی وائی ایس پی اور ڈاکٹر شمیم بھٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے معاشرے میں پھیل رہی منشیات کی وباء پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اب شر پسند عناصر اچھے گھروں کی بچیوں کو بھی اس کا عادی بنارہے ہیں۔انہوں نے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو ہدایت کی کہ وہ ایسے لوگوں کے بہکاوے میں ہر گز نہ آئیں۔انہوں نے کہاکہ اگرانہیں کسی پر شک ہوتا ہے کہ یہ منشیات میں ملوث ہے تو اس کی خبر اپنے اساتذہ کو دیں یا پھر پولیس کو تاکہ ان لوگوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ڈاکٹر شمیم احمدبانڈے نے کہا نوجوانوں کو اس وباء سے دلور رہنے کے لئے ثقافت اور کھیلوں کی جانب دھیان دینا چاہئے تاکہ وہ جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط ہوں۔پروگرام کے اختتام پر رکن اسمبلی کے ہاتھوں ثقافتی اور تمدنی پروگراموں میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔چیئرمین سرسید ایجوکیشن مشن سرفراز میر اور سوم ناتھ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر نہرو یوا کیندر پونچھ نے تمام مہمانوں اور معززین کا شکریہ اد اکیا ۔