صوبائی کمشنر کی صدارت میں اعلیٰ افسران کی میٹنگ، سکول کے لئے عطیات کا منصوبہ زیر غور
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل ایک میٹنگ کے دوران رامباغ سرینگر میں قائم قوت سماعت اورگویائی سے محروم بچوں کے سکول کی موجود ہ حالت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں محکمہ تعلیم کے جوائنٹ ڈائریکٹر،چیف ایجوکیشن آفیسرسرینگر،پرنسپل ڈف اینڈ ڈمب سکول ،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اوراسسٹنٹ کمشنر کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔پرنسپل ڈف اینڈ ڈمب سکول نے بتایا کہ وادی میں قوت بینائی سے محروم بچوں کے لئے یہ واحد سکول ہے،جہاں بچوں کو مفت تعلیم دینے کے علاوہ انہیں ہوسٹل سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں ۔اس وقت مذکورہ سکول میں 200بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جاتی ہے جن میں قوت سماعت اور گویائی سے محروم60بچے،قوت بینائی سے محروم 7بچے اورجسمانی طور پر ناخیز دیگر بچے شامل ہیں۔ ان تمام بچوں کو یہاں دسویں جماعت تک تعلیم دی جارہی ہے۔یہ سکول ایک آزاد منیجنگ کمیٹی کے تحت عطیات پر چلتا ہے۔البتہ یہ عطیات سکول کا کام کاج چلانے کے لئے کافی نہیں ہیں ۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ ریاستی سرکار سکول کے لئے عطیات کے عمل میں سرعت لائے گی اور وہ وزیر اعلیٰ کو سکول کے لئے عطیات اور بسوں کے لئے ایک منصوبہ بھیج دیں گے۔بصیر احمد خان نے محکمہ تعلیم کو ہدایت دی کہ وہ اُن لوازمات کے لئے کام کریں تاکہ سکول کا درجہ 12ویں جماعت تک بڑھایا جاسکے۔اس کے علاوہ یہاں کے بچوں کے لئے خصوصی تربیت والے اساتذہ تعینات کئے جائیں۔صوبائی کمشنر نے محکمہ تعلیم پر پرنسپل کے ساتھ صلاح ومشورے سے ایک مکمل ڈی پی آر تیار کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ اس اسکول کو جدید خطوط پر ترقی دی جاسکے اوریہاں تعلیم حاصل کرنے والے جسمانی طو رپر ناخیز بچے اپنی زندگی میں خود کفیل بن سکیں۔صوبائی کمشنر ذاتی طو رپر اس پروجیکٹ کاجائزہ لیں گے اور وہ یہاں کے بچوں کو دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کے لئے اگلے ماہ سکول کا دورہ کریں گے۔