سرینگر//قانون ساز کونسل کی6 نشستوں کو پُر کرنے کیلئے تیاری ہونے جارہی ہے۔17اپریل کو ہونے والے انتخابات کیلئے پی ڈی پی نے2 ،بھاجپا نے4اور نیشنل کانفرنس و کانگریس کے ایک ایک امیدوار نے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ قانون ساز کونسل میں کشمیر کی3 اور جموں کی2نشستوں کے علاوہ پونچھ کی مخصوص نشست کیلئے بدھ کو کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ تھی۔ کشمیر کی3نشستوں کیلئے حکمران جماعت پی ڈی پی کے یاسر ریشی،بی جے پی کے جی ایل رینہ و اشوک کمار بٹ اور نیشنل کانفرنس کے آغا سید محمود نے کاغذات نامزدگی ریٹائرننگ آفیسر و سیکریٹری اسمبلی محمد رمضان کے دفتر میں داخل کئے۔ پونچھ کی مخصوص سیٹ کیلئے بی جے پی کے امیدوار پردیپ شرما نے تن تنہا کاغذات نامزدگی داخل کئے جبکہ جموں کی2نشستوں کیلئے بی جے پی کے وکرم رندھوا،پی ڈی پی کے عبدالقیوم اور کانگریس کے بلبیر سنگھ نے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ وادی کی3نشستوں میںسے2 نشستوں پر حکمران اتحاد کے امیدواروں کی جیت یقینی ہے جبکہ نیشنل کانفرنس امیدوار آغا سید محمود بھی آسانی کے ساتھ فتح حاصل کرسکتے ہیں،تاہم اس نشست پر بی جے پی نے2امیدواروں کو کھڑا کیا جس میں بتایا جاتا ہے کہ اشوک کمار بٹ اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ جموں میں پی ڈی پی امیدوار عبدالقیوم ڈار بھی اپنی نشست پر فاتح ہونگے۔جموں کی ایک اور نشست پر کانگریس امیدوار بلبیر سنگھ اور بی جے پی کے وکرم رندھوا کے درمیان کانٹے کی ٹکر ہوسکتی ہے۔ جموں میں پی ڈی پی امیدوار عبدالقیوم ڈار کو30ووٹ دینے کے بعد حکمران اتحاد کے پاس28اضافی ووٹ ہونگے جبکہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد کے پاس ووٹوں کی تعداد27ہیں۔ جموں کی دوسری نشست کیلئے محمد یوسف تاریگامی،انجینئر رشید،حکیم محمد یاسین اور پون گپتا کے ووٹ انتہائی اہمیت کے حامل ہونگے۔ دونوں اطراف کو ان امیدواروں کی طرف سے دئیے گئے ووٹوں کی بنیاد پر ہی اس نشست پر جیت اور ہار کا فیصلہ ہوسکتا ہے۔ پی ڈی پی یاسر ریشی2015میں قانو ن ساز کونسل کیلئے منتخب ہوئے تھے ۔ جموں نشست کیلئے پی ڈی پی امیدوار عبدالقیوم سابق سپر انٹنڈنٹ آف پولیس ہیں اور فی الوقت اوقاف اسلامیہ راجوری کے چیئرمین ہونے کے علاوہ بابا غلام شاہ بادشاہ زیارت و شاردا شریف کے منتظم بھی ہیں۔ کشمیر کی نشست پر بی جے پی امیدوار جی ایل رینہ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں زرعی یونیورسٹی سے استعفیٰ دیا ہے جبکہ موصوف جموں کشمیر اسٹڈی سرکل جو کہ آر ایس ایس کی ایک شاخ ہے،کے ممبر بھی ہے۔جموں نشست پر بی جے پی امیدوار وکرم رندھوا سابق بی جے پی لیڈر اور قانون ساز اسمبلی کے ممبر چودھری پیارا سنگھ کے بیٹے ہیں جبکہ کشمیر کی نشست پر نیشنل کانفرنس کے امیدوار آغا سید محمود ایک معروف شعیہ لیڈر ہے۔ قانون ساز کونسل میں مجموعی طور پر36نشستیں ہیں تاہم فی الوقت2نشستیں بلدیاتی انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے خالی ہے۔ دستاویزات کی جانچ پڑتال30 مارچ کو ہوگی جبکہ17اپریل کو ان نشستوں کو پورا کرنے کیلئے انتخابات ہونگے۔