سرینگر//شہری ہلاکتوں کیلئے پی ڈی پی کیلئے براہ راست ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے کہا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی بے وفائی کا نتیجہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وادی کشمیر میں نا قابل تلافی جانی و مالی نقصان پی ڈی پی اور آر ایس ایس کے درمیان خفیہ فرقہ وارانہ ایجنڈے کا نتیجہ ہے ۔ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والے سینئر لیڈران سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر اور اننت ناگ نشست کیلئے پارٹی امیدوار غلام احمد میر نے کہا کہ کشمیر کی موجودہ تباہ کن و کشیدہ صورتحال پی ڈی پی کی استحصالی سیاست کا ثمر ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی پی نے اقتدار میں آنے کیلئے حساس معاملات جن میں افسپا کی منسوخی وغیرہ شامل ہے ، پر سیاست کاری کی اور عوام سے کئے وعدوں سے بے وفائی کی جس کے نتیجے میں کشمیر میں ایک نئی صورتحال پیدا ہوگئی جو انتہائی تشویشناک ہے ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی پی نے ووٹ حاصل کرنے کیلئے ماضی میں حساس معاملات پر سیاست کی اور اب ایک مرتبہ پھر عوام کو گمراہی کے شیشے میں اتارنے کی کوششیں کر رہی ہیں لیکن اس جماعت کی یہ سازشیں کامیاب نہیں ہونگی کیونکہ عوام پی ڈی پی کے خفیہ ایجنڈے سے واقف ہوچکی ہے ۔ غلام احمد میر نے چاڈورہ میں معصوم شہری ہلاکتوں اور مالی نقصان کیلئے پی ڈی پی کو براہ راست ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ عوام کو اب اس جماعت کی استحصالی سیاست سے بچنا چاہئے ۔