سرنکوٹ// نیشنل کانفرنس کے تحصیل سکریٹری سرنکوٹ سرفراز احمد قریشی نے موجودہ مخلوط حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ضلع پونچھ کو نظرانداز کررہی ہے ۔اپنے ایک پریس بیان میںانہوں نے کہا کہ تمام وزراء راجوری تک آنا ہی پسند کرتے ہیں اور پونچھ کی کسی کو فکر تک نہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی تمام سڑکیں خستہ حالت کا شکار ہیں، فضل آباد کی کئی سڑکوں کا کام درمیان میں ہی بند کردیاگیاہے جس کی وجہ سے اس علاقہ کی غریب عوام کو مشکلات کا سامنا کر پڑ رہا ہے ۔انہوں نے ضلع اور تحصیل افسران کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ غفلت کی نیند سور ہے ہیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پر الزام لگایا کہ وہ اپنی کرسی بچانے کے چکر میں ریاست کو جہنم زاربنارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو راشن ہی نہیں فراہم ہورہااور وہ بھکمری کاشکار ہیں۔این سی لیڈر نے مزید کہاکہ اتنا ہی نہیں بلکہ آدھار کارڈ بنانے کے لئے لوگوں کو دربدر پھرایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اور ضلع پونچھ خاص کر سرنکوٹ کے لوگ دن بدن پسماندہ ہوتے جارہے ہیں ۔