جموں//ڈائریکٹر جنرل پولیس ایس پی وید نے2 اپریل کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ادہمپور دورے کے سلسلے میں سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے مابین تال میل پر زور دیا۔ایس پی وید کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میںریاستی پولیس، نیم فوجی ایجنسیوں، سراغرساں ایجنسیوں اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔ڈی جی پی نے سرحدی علاقوں میں الرٹ جاری کر کے صورتحال پر کڑی نگاہ رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اہم تنصیبات بشمول ریلوے سٹیشن اور ہوائی اڈے پر بھی نگاہ رکھی جانی چاہئے۔ ڈی جی پی نے جلسہ گاہ کے ارد گرد حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے احکامات دیئے۔میٹنگ میں ٹریفک پلان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور کہا گیا کہ وی آئی پی دورے کے نتیجے میں عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا۔متعلقہ افسروں نے وزیر اعظم کے دورے کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ڈی جی پی نے وزیر اعظم کے دورے کو کامیاب بنانے کے لئے مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے مابین قریبی تال میل پر زور دیا۔