سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سنیئر لیڈر اور ریاستی وزیر عبدالحق خان نیشنل کانفرنس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے یہ جماعت ریاستی عوام کو درپیش مشکلات کی ذمہ دار ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس تمام مصائب کی جڑ ہے اور اس پارٹی کی پالیسی صرف کرپشن کو فروغ دینا اور کسی بھی طرح سے اقتدار حاصل کرنا ہے۔انہو ں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے ہاتھ ملایا تو ریاست میں تشدد کے ماحول کو مزید ہوا ملی ہے۔عبدالحق خان نے کہا کہ اقتدار سے دوری اور سیاسی نقطہ چینی ہی ان دو جماعتوں کو قر یب لاتی ہے اور ان دو جماعتوں نے مل کر جموں وکشمیر کے جمہوری اداروں کو کمزور کرنے کے ساتھ ساتھ جوابدہی کے نظام کو درہم برہم کر کے رکھ دیا۔2008 کے بعد ریاست میں پیدا شدہ صوتحال کاذکر کرتے ہوئے عبدالحق خان نے کہا کہ ریاست میں کسی بھی طرح کوئی سیاسی پہل نہیں کی گئی اور 2014کے بعد پی ڈی پی کے اقتدار سنبھالنے کا بنیادی مقصد ریاست کو غیر یقینی حالات اور دلدل کے ماحول سے نکالنا ہے ۔انہوں نے کہا”ریاست میں حالیہ حالت کی بنیادی وجہ نیشنل کانفرنس کی قیادت والی سابقہ سرکار کی پالیسیاں ہیں کیونکہ انہوںنے اپنے دو اقتدار میں نہ تو کوئی سیاسی پیش رفت کی اور نہ ہی اعتماد سازی کے حوالے سے اقدامات کئے گئے۔عبدالحق خان نے فاروق عبداللہ کو ناکامی کی ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا”میں فاروق صاحب سے پوچھنا چاہوں گا کہ وہ اپنے دوراقتدار کے دوران کسی ایسے بڑے سیاسی اقدام یا ترقیاتی پروجیکٹ کا ذکر کریں جس سے لوگوں کو کوئی راحت محسوس ہوئی ہو“۔خان نے کہا”لوگوں نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی غلط پالیسیوں کو اچھے سے دیکھا ہے اور ان جماعتوں کے پاس اب لوگوں کو دینے کے لئے کچھ بھی نہیں ہے اس لئے اپنی دوبٹی کشتی کو بچانے کے لئے ایک دوسرے کا سہارا لے رہے ہیں ۔طارق حمید قرہ کے تئیں فاروق عبداللہ کی نئی ہمدردی پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے سنیئرپی ڈی پی لیڈر نے کہا کہ یہ دونوں ایک دوسرے کے سخت سیاسی مخالف تھے لیکن سیاسی مفاد پرستی کی وجہ سے دونوں نے ہاتھ ملایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفر نس کانگریس اتحاد مفاد پرستی کی ایک زندہ مثال ہے اور اس اتحاد کی وجہ سے ہمیشہ لوگوں کو دھوکہ اور مشکلات کے بغیر کچھ نہیں ملا ہے۔