سرینگر//لبریشن فرنٹ ،حریت (ع)، لبرےشن فرنٹ (ح)،لبریشن فرنٹ( آر)، تحریک مزاحمت، اسلامک پولیٹکل پارٹی،ینگ مینز لیگ اورپیپلز لیگ نے اشفاق مجید وانی، شبیر احمد صدیقی، ڈاکٹر عبدالاحد گورواور ایڈوکیٹ جلیل اندرابی کو ان کی برسیوں پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ رواں تحریک آزادی میں ان کی گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے اُن کی برسیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم سپوتوں نے سر زمین کشمےر کی راہوں کو اپنے لہو سے روشن کر نے کی جستجو کی اور تارےخ کے دھارے کو موڑ کر ایک نیا باب رقم کیا۔ اپنے پیغام میں فرنٹ چیئرمین نے اشفاق مجید وانی کونوجوانوں کا رول ماڈل اور تحریک عزیمت کے عظےم سالارقرار دیا۔انہوں نے کہا کہ موصوف ایک دلیر،نڈر،دیندار،تحریک کے متوالے ، باطل کے خلاف مزاحمت کی علامت اور جرا¿ت وشجاعت کا عنوان تھے۔یاسین ملک نے کہا کہ جو لوگ یہ سوچتے ہیں کہ1990 کا عوامی انقلاب محض 1987 کے الیکشن میں دھاندلی کا نتیجہ تھاوہ غلط سوچ رہے رکھتے ہیں ۔ملک کے مطابق ایسا سوچنے والوں کو اشفاق مجید کی زندگی کا بغور مطالعہ کرنا چاہئے ،انہیں معلوم ہوجائے گا کہ اشفاق مجید جیسے قائدین کی قیادت میں پنپنے والی تحریک آزادی محض کسی الیکشن دھاندلی کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ یہ ایک جاری عمل تھا جسے محمد مقبول بٹ کی تہاڑ جیل میں شہادت نے مہمیز دے کر ایک عوامی انقلاب میں تبدیل کیا۔یاسین ملک نے کہا کہ اشفاق مجےد وانی نے ہر معاملے میں دوسروں کو اپنے اوپر ترجیح دی لیکن جب جب قربانی دینے کا موقع آیا تو سب سے پہلے اپنے آپ کو پیش کیا ۔ شجاعت ،ہمت اور جوانمردی اُ نکی رگ رگ میں رچی بسی ہوئی تھی۔ انہوں نے شبیر صدیقی کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ شبیر صدیقی ایک اعلیٰ پائے کے عالم دین اور مبلغ تھے۔انہوںنے کہا کہ آزادی کےلئے جدوجہد کے ساتھ ساتھ صدیقی کی علمی، دینی اور سماجی خدمات بھی ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔بھارتی الیکشن کو کشمیریوں کے مفادات پر کاری ضرب سے تعبیر کرتے ہوئے ملک نے کہا کہ ان الیکشنوں میں کسی بھی قسم کی حصہ داری مقدس لہو کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آنے والے الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے ان عظیم سپوتوں کے تئیں اپنی عقیدت کا بھرپور اظہار کریں۔ درایں اثناءاشفاق مجےد وانی ، ڈاکٹر عبدالاحد گورو،شبیر احمد صدیقی ، جلیل احمد اندرابی اور شہداءدرگاہ کی یاد میں مزار شہداءعیدگاہ میں ایک تعزیتی تقریب منعقد ہوئی جس سے فرنٹ کے نائب چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ نے خطاب کیا ۔ تقریب میںکئی مزاحمتی قائدین بشمول شکیل احمد بخشی، مختار احمد صوفی، غلام نبی درزی وغےرہ نے بھی شرکت کی۔ حریت (ع)ترجمان نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کی قربانیاں پوری قوم کیلئے باعث فخر ہیں اور رواں تحریک آزادی میں ان کے گرانقدر رول اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ انہوں نے جس عظیم مقصد کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے وہ ہنوز تشنہ تکمیل ہے اور یہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کیلئے اُس مشن کے ساتھ اپنی وابستگی کو مزید مضبوط بنائیں۔ لبرےشن فرنٹ (ح) چیئرمےن جاوےد احمد نے خراج عقےدت پےش کرتے ہوئے کہا کہ لبرےشن فرنٹ کے اولےن عسکری رہنما اشفاق مجےد وانی ہمت اور جرات کا نام تھاجس نے کشمےری قوم کو ساری دُنےا مےں متعارف کرواےا ۔انہوں نے شبےر صدےقی کو خراج عقےدت پےش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اےک اعلیٰ دےنی گھر سے تعلق رکھنے و الے بے باک لےڈر تھے جس نے اسلامی سکالر ہونے کے باجود بھی عسکری جدو جہد مےں شامل ہو کر اےک مثال قاےم کی۔لبریشن فرنٹ( آر) کے زیر اہتمام جمعرات کو فاتحہ خوانی کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پریہ عہد دہرایاگیا کہ آزادی کی صبح طلوع ہونے تک جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا ۔اس موقع پر پارٹی چیئرمین فاروق احمد ڈار ( بٹہ کراٹے ) نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔فاتحہ خوانی کے موقع پرجنرل سیکریٹری وجاہت قریشی ،ہارون کشمیری ،اعجاز احمد میر ،محمد سجو،جاوید احمد ،غلام نبی ،غلام احمد میر،ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز ریشی اور دیگر اراکین شامل تھے ۔ تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان جیالوں نے تحریک آزادی کے لئے خود کو وقف کیا تھا اور اس جدوجہد کے دوران بہادری اور کمال تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے انمٹ نقوش مرتب کئے ۔بلال صدیقی نے اس موقع پرایڈوکیٹ جلیل اندرابی ،ڈاکٹر گورو اور شبیر صدیقی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس مقصد کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے وہ اگرچہ ابھی تشنہ تکمیل ہے تاہم ان کے چھوڑے ہوئے نقوش ہمارے لئے نشان راہ کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ اسلامک پولیٹکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش ، ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی اور پیپلز لیگ کے جنرل سیکریٹری غلام نبی درزی نے مزار شہداءعید گاہ جا کرخراج عقیدت پیش کیا۔