بھدرواہ //تعلیم نسواں کو فروغ دینے اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے فوج نے گرلز ہائر سکینڈری اسکول بھدرواہ کی طالبات کو سمارٹ کلا س روم کا تحفہ دیا ہے ۔ تمام جدید مواصلاتی سہولیات سے لیس اس کلاس روم سے گیارہویں اور بارہویں جماعت کی لگ بھگ 300طالبات استفادہ کر سکیں گی۔ جمعرات کو راشٹریہ رائفلز کے مقامی کمانڈر نے یہ سمارٹ کلاس روم طالبات کو وقف کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ فوج ان دور دراز کے علاقہ جات میں ای لرننگ کو فروغ دینے اور بالخصوص طالبات کو تعلیم کے جدید طریقہ جات کے بارے میں جانکاری دینے کے لئے مستقبل میں بھی اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ سدبھائونہ پروگرام کے تحت نہ صرف اندرونی امن و امان کو یقینی بنایا جا رہا ہے بلکہ پسماندہ طبقہ جات کی فلاح و بہود کے لئے کئی پروگرام بھی چلائے جاتے ہیں جن میں صنف نازک کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے ۔