پونچھ//جے کے پی ایس ای کی جانب سے شائع ہوئی فہرست میں جغرافیہ کے لئے منتخب ہوئے اسسٹنٹ پروفیسر وں میںسے 4کا تعلق ضلع پونچھ سے ہے ۔اس فہرست میں پونچھ ضلع کے مینڈھر کے گورسائی موہری کے ڈاکٹر ذوالفقار علی،سرنکوٹ سے ڈاکٹر اشقاق ، بفلیاز سے مجاہد مغل اورمنڈی راجپورہ سے پردیپ سنگھ شامل ہیں ۔ان تمام نوجوانوں کے اسسٹنٹ پروفیسر تعینات ہونے پرپونچھ میں خوشی کی لہر ہے ۔خصوصی طور پر سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو مبارک بادی کے پیغامات دئے گئے۔سابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انور شاہ کاکہناہے کہ پونچھ کی عوام کے لئے یہ یقینی طور پر فخر کی بات ہے کہ یہاں کے طلباعلمی میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں بلکہ پونچھ کی مٹی ہمیشہ سے ذرخیز رہی ہے اوریہاں کے لوگوں نے علم و ادب میں بہت بڑا مقام حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دیگر نوجوانوں کو بھی انہی کے نقش قدم پر چل کر کامیابی حاصل کرنی چاہئے ۔منڈی کے سردار سرجیت سنگھ کاکہناہے کہ پونچھ میں قابلیت کی کوئی کمی نہیں مگر یہاں وہ سہولیات میسر نہیں جو نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو نکھار سکیں ۔تاہم اس کے باوجود نوجوان علمی میدان میں نام کمارہے ہیں جو ضلع کیلئے خوشی کی بات ہے ۔