نئی دہلی //وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ جموں و کشمیر میں جھڑپوں کے دوران دہشت گردوں کو شہ دینے کے لئے پتھر پھینکنے والے نوجوانوں کو منصوبہ بند حکمت عملی کے تحت پاکستان سے سوشل میڈیا کے ذریعے بھڑکایا جا رہا ہے اور ملک کے نوجوانوں کو اس بہکاوے میں نہیں آنا چاہئے ۔ لوک سبھا میں وقفہ صفر میں ترنمول کانگریس کے سوگت رائے کی طرف سے چاڑورہ میں ہوئی تین ہلاکتوں کے بارے میں پوچھت گئے سوال کے جواب میں راجناتھ سنگھ نے کہا’’شورش زدہ خطے میں اب نیا رجحان سامنے آیا ہے ،جب بھی کہیں تصادم ہوتا ہے تو وہاں آس پاس کے دیہات سے نوجوان اکھٹا ہوجاتے ہیں اور وہ سیکورٹی فورسز پر پتھرائو شروع کرتے ہیںتاکہ محاصرے میں پھنسے جنگجوئوں کو فرار کا راستہ فراہم کیا جاسکے‘‘۔انہوں نے کہا’’میں نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کے بہکاوے میں نہ آئیں،کیونکہ سوشل میڈیا کے وٹس ایپ گروپ اور فیس بک نوجوانوں کو جمع ہونے کیلئے استعمال کئے جارہے ہیں،ایسے گروپ پاکستان سے چلائے جارہے ہیں‘‘۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ وہاں نوجوانوں کو پاکستان سے فیس بک اور وٹس ایپ کے ذریعے بھڑکایا جا رہا ہے ۔ کچھ نوجوان اس بہکاوے میں آ جاتے ہیں اور تصادم کے دوران ملی ٹینٹوں کو نکالنے کے لئے سکیورٹی فورسز پر پتھراؤ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دراندازی اور وہاں سے کی جانے والی دہشت گردی کے ساتھ ساتھ ہمارے نوجوانوں کو بھی اب گمراہ کیاجا رہا ہے ، اس لئے ہمارے نوجوانوں کو پاکستان کی سازش میں نہیں پھنسنا چاہئے ۔راجناتھ سنگھ نے ایوان کو یقین دلایا کہ دہشت گردی سے سلامتی دستے ویسے ہی نمٹ رہے ہیں جیسے ان سے نمٹا جانا چاہئے ۔ فوج اور نیم فوجی دستوں کے جوان دہشت گردوں کو کرارا جواب دے رہے ہیں اور آگے بھی ان سے اسی طرح نمٹا جائے گا۔