سرینگر// این سی لیڈر اور ممبر اسمبلی کنگن میاں الطاف احمد نے پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے حق میں انتخابی مہم کے دوران متعدد مقامات پر لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آر ایس ایس کا ڈکٹیشن پر من و عن کام کرنا پی ڈی پی سرکار کا اولین ایجنڈا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں بلکہ وہ آر ایس ایس ، بجرنگ دل، شیو سینا اور دیگر بھگوا فرقہ پرست جماعتوں کے ایجنڈے پر گامزن ہیں۔۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے ووٹ مانگنے والی محبوبہ مفتی سے کوئی پوچھے کہ 6ہزار پیلٹ گن اور 5لاکھ کارتوس کی کھیپ کس مقصد سے آرڈر کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی ایک ناکام وزیر اعلیٰ ثابت ہوئی ہے اور اُن کے وزراء وہی کام کرتے ہیں جن کی منظوری ناگپور سے آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی سابق نیشنل کانفرنس حکومت میں تعمیر کئے گئے پروجیکٹوں کا افتتاح اور نیا سنگ بنیاد رکھ کر عوام میں یہ تاثر دے رہے ہیں کہ انہوں نے کوئی پہاڑ توڑ ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسوں کی محنت، قربانیوں اور ان تھک کوششوں کے بعد یہاں امن کی فضاء قائم ہوئی تھی لیکن موجودہ مخلوط حکومت کی عوام کش اور کشمیر دشمن پالیسیوں نے ساری محنت پر پانی پھیر دیا۔ انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ پارٹی کی مضبوطی اور قیادت کے ہاتھوںکو مضبوط کرنے کے علاوہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے اور پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو کامیاب بنانے کیلئے بھر پور محنت کریں اور نیشنل کانفرنس کا نیا کشمیر کا پروگرام اور پی ڈی پی کی کشمیر دشمن پالیسیوں کو گھر گھر پہنچائیں۔ادھر حلقہ انتخاب گاندربل میں بھی ضلع صدر و ایم ایل اے شیخ اشفاق جبار نے فاروق عبداللہ کے حق میں انتخابی مہم چلائی اور ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ نیشنل کانفرنس کے حق میں ووٹ دیکر پی ڈی پی اور بھاجپا کے منصوبوں کو خاک میں ملا دیں۔ اس دوران نیشنل کانفرنس کے اہتمام سے بیرو ، بیروہ ، ژرنگام ، ملشاہ ، ممگنڈ ، نرورہ ، ماگام اور دیگر درجنوں علاقوں میں چناؤئی جلسوں کا اہتمام ہوا جس میں پارٹی لیڈران نے ان چناؤئی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے رائے دہندگان سے اپیل کی کہ وہ اپنے قیمتی ووٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے حق میں ڈال کر کشمیریت کو زندہ رکھیں۔