سرینگر//خواتین کی بااختیاری اور ان سماجی و اقتصادی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے محبوبہ مفتی سرکار کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی لیڈر اور ممبر اسمبلی انجم فاضلی نے کہا ہے کہ گزشتہ دو دہائیوں کے نامساعد حالات کی وجہ سے خواتین نے کافی مشکلات کا سامنا کیا اور محبوبہ مفتی سرکار ان کی سماجی اور اقتصادی زندگی بہتر بنانے کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔پارلیمانی امیدوار نظیر احمد خان کے حق انتخابی مہم کے سلسلے میں انجم فاضلی نے بلبل باغ اور مہجور نگر میں خواتین کی کئی میٹنگوں سے خطاب کیا ۔انجم فاضلی نے کہا کہ سرکار نے لاڈلی بیٹی،آسرا اور شادی کیلئے مالی معاونت والی کئی سکیمیں شروع کی ہیں تاکہ خواتین اور سماجی اور اقتصادی زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فاضلی نے کہا کہ عوام ان کی غلط پالیسیوں سے واقف ہیں جس کی وجہ سے عوام نے انہیں پچھلے کئی الیکشنوں میں مسترد کر دیا ۔پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی قیادت کو مضبوط کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’محبوبہ مفتی زمینی سطح سے اُبھری ایک لیڈر ہیں اور وہ خواتین کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اس لئے اُن کی حکومت نے خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے‘‘۔